جنوبی کوریا کے شہر سیول میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے باکسنگ کے ایک مقابلے میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کے سلور فلائی ویٹ ٹائٹل حاصل کر لیا ہے۔
اتوار کو اس مقابلے میں دونوں باکسرز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ 12 راؤنڈ تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد وسیم نے ایک پوائنٹ کے فرق سے فلپائن کے باکسر کو شکست دی۔
محمد وسیم کا اپنے کیرئیر کا یہ پانچواں مقابلہ تھا اور وہ اب تک ناقابل شکست ہیں۔
محمد وسیم نے جولائی میں فلپائن کے باکسر جیدر اولیوا کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیتا تھا جبکہ 2014ء میں کامن ویلتھ گیمز میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
ان کے حریف گلیمل میگرامو اس سے قبل 17 مقابلے جیت چکے تھے یہ ان کا 18واں مقابلہ تھا جس میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
29 سالہ وسیم نے لاس ویگاس میں جیف مے ویدر سے تربیت حاصل کی ہے۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد وسیم ’فیلکن خان‘ کے نام سے بھی مشہور ہیں اور وہ اب بڑے باکسرز کو چیلنج کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔