حکام کے مطابق اس میں سوار تمام 109 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے, کشتی پر زیادہ تر سیاح سوار تھے۔
جنوبی کوریا کی ایک کشتی ملک کے جنوب مغربی ساحل کے قریب ایک چٹان سے ٹکرا گئی، تاہم حکام کے مطابق اس میں سوار تمام 109 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کشتی پر زیادہ تر سیاح سوار تھے اور یہ جیولا صوبے میں ہونگڈو جزیرے کے قریب پانی میں ایک چٹان سے ٹکرائی۔
ماہی گیروں کی کئی کشتیاں پہلے سے اُس علاقے میں موجود تھیں جو فوری طور پر مسافروں کی مدد کو پہنچیں۔
مسافروں کے شدید زخمی ہونے سے متعلق کسی طرح کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔
یہ حادثہ اُس مقام سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا جہاں رواں سال اپریل میں ایک کشتی کے ڈوبنے سے 300 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں اکثریت طالب علموں کی تھی۔
سیئول حکومت کو بحری سفر سے متعلق ’ناقص‘ حفاظتی معیار پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔