جنوبی کوریا کا فضائی حدود میں توسیع کا اعلان

وزارت دفاع نے اتوار کو کہا کہ نئی حدود کا اطلاق 15 دسمبر سے ہوگا اور اس میں جنوبی ساحل کے قریب لیوڈو کا علاقہ بھی شامل ہوگا۔ چین اس علاقے کو سویان کے نام سے پکارتا ہے۔
جنوبی کوریا نے فضائی دفاعی حدود میں توسیع کا اعلان کیا ہے کہ جو کہ جزوی طور پر حال میں چین کی طرف سے وضع کردی فضائی حدود میں دخل انداز ہوگی۔

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اتوار کو کہا کہ نئی حدود کا اطلاق 15 دسمبر سے ہوگا اور اس میں جنوبی ساحل کے قریب لیوڈو کا علاقہ بھی شامل ہوگا۔ چین اس علاقے کو سویان کے نام سے پکارتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اتوار کو کہا کہ سیول کا یہ فیصلہ گزشتہ جمعہ امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بات چیت سے مطابقت رکھتا ہے۔

ایک بیان کے مطابق واشنگٹن خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ بین الاقوامی اصولوں کے مطابق وسیع تر استحکام کے لیے اقدامات اور توقعات کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھے گا۔

جنوبی کوریا کی طرف سے نئی حدود وضع کرنے کے اعلان سے قبل 23 نومبر کو چین نے مشرقی بحیرہ چین کے ان علاقوں پر حدود کو توسیع دینے کا اعلان کیا تھا جن پر جنوبی کوریا اور جاپان اپنی اپنی ملکیت کے دعویدار ہیں۔

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے گزشتہ جمعہ کو سیول میں ایک یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک چین کی اس نئی فضائی حدود کو تسلیم نہیں کرتا۔