کیری کا بحیرہ جنوبی چین میں جزائر کی تعمیر پر اظہار تشویش

جان کیری جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں کے دورے پر ہیں جہاں وہ ان ملکوں کے ساتھ امریکہ کی تجارت اور سرمایہ پر مبنی تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ انھوں نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات میں مختلف امور بشمول جنوبی بحیرہ چین میں سمندری تنازع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

یہ ملاقات جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے ملائیشیا میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

آسیان کے وزارتی سطح کے اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب میں کیری نے کہا کہ "امریکہ آسیان کے رکن ممالک کی طرف سےبحیرہ جنوبی چین میں امن اور استحکام کی خواہش کی حمایت کرتا ہے۔ یہ گروپ خطے میں تنازعات کو پرامن انداز اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کرنا چاہتا ہے۔"

چین بحیرہ جنوبی چین میں جزائر پر بڑے پیمانے پر زمین کی بحالی، تعمیرات اور انہیں فوج کے لیے قابل استعمال بنانے کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

امریکہ اور جنوب مشرقی ایشیا کے متعدد ممالک چین پر زور دیتے آئے ہیں کہ وہ خطے میں زمین کے ملکیتی دعوے کے لیے کیے جانے والے اقدام روکے، لیکن بیجنگ کی طرف سے اس پر سرد مہری کا مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق جان کیری نے چین کے وزیر خارجہ سے سائبرسپیس، انسانی حقوق اور ستمبر میں صدر شی جن پنگ کے دورہ واشنگٹن پر بھی بات چیت کی۔

جان کیری جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں کے دورے پر ہیں جہاں وہ ان ملکوں کے ساتھ امریکہ کی تجارت اور سرمایہ پر مبنی تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

وہ منگل کو دیر گئے سنگاپور سے کوالالمپور سے پہنچے تھے۔

سنگاپور میں انھوں نے بین البحرالکاہل تجارت کی شراکت داری منصوبے سے متعلق امور پر مختلف رہنماؤں سے بات چیت کی تھی۔

کوالالمپور سے امریکی وزیر خارجہ اپنے دورے کے آخری مرحلے میں ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی جائیں گے۔

اس دورے میں انھوں نے مصر اور قطر میں بھی مختصر قیام کیا اور وہاں اعلیٰ عہدیداروں سے خطے کو درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔