صومالی قراقوں نے تھالی لینڈ کا بحری جہاز یرغمال بنا لیا

صومالی قراقوں نے تھالی لینڈ کا بحری جہاز یرغمال بنا لیا

20 ہزار ٹن وزنی یہ جہاز متحدہ عرب امارات سے بنگلہ دیش جارہاتھا اور قبضے کے وقت جہاز اومان کی بندرگاہ صلالہ سے 650 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

صومالی قزاقوں نے اومان کے مشرق میں بحیرہ عرب میں تھائی لینڈ کا ایک مال بردار بحری جہاز عملے کے 27 ارکان سمیت پکڑلیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ قزاقوں نے تھور نیکسس نامی بحری جہاز پر ہفتے کی صبح قبضہ کیا ۔ 20 ہزار ٹن وزنی یہ جہاز متحدہ عرب امارات سے بنگلہ دیش جارہاتھا اور قبضے کے وقت جہاز اومان کی بندرگاہ صلالہ سے 650 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

عملے کے تمام ارکان تھائی شہری ہیں۔ جہاز پر موجود سامان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔

مسلح صومالی قزاق صومالیہ کے ساحلوں سے پرے اور مشرق میں دوردراز سمندرسے بحری جہاز یرغمال بنا کر لاکھوں ڈالر تاوان موصول کرچکے ہیں۔ جہازوں کے اغوا کے زیادہ ترواقعات میں کوئی شخص ہلاک نہیں ہوتا اور تاوان ادا کردیا جاتا ہے۔ لیکن اس معاملے میں کسی سمجھوتے پر پہنچنے میں کئی مہینے لگ جاتے ہیں۔

تھور نکسس قزاقوں کے زیر قبضہ26 واں جہاز ہے اور اس وقت ان کے پاس عملے کے 600 سے زیادہ ارکان بھی یرغمال ہیں۔

حالیہ برسوں میں قزاقی کے واقعات روکنے کے لیے سمندروں میں غیر ملکی جنگی جہازوں کے گشت کےباوجود صومالی قزاق درجنوں بحری جہاز یرغمال بنا چکے ہیں۔