صومالی قزاقوں نے تجارتی بحری جہاز کو عملے کے 24ارکان سمیت ہائی جیک کرلیا

صومالی قزاق

صومالی قزاقوں نے خلیج عدن میں ایک تجارتی بحری جہاز اور اس کے عملے کے 24 ارکان کو پکڑ لیا ہے۔

سمندری امور کی نگرانی کے امور سے متعلق عہدے داروں نے کہاہے کہ قزاقوں نے پیر کے روز یمنی ساحل کی پورٹ آف عدن سے صرف 15کلومیٹر کے فاصلے پرآئس برگ ون نامی بحری جہاز پر حملہ کرکے اس پرقبضہ کرلیا۔

اطلاعات کے مطابق قزاق اس بحری جہاز کو صومالیہ لے جارہے تھے۔

اتوار کے روز صومالی بحری قزاقوں نے شمالی کوریا کے پرچم بردار جس کارگو بحری جہازکو پچھلے مہینے کے شروع میں ہائی جبک کیا تھا، اتوار کے روز انہوں نے اس کے لیے 30لاکھ تاوان کا مطالبہ کیا۔

کینیا میں قائم مشرقی افریقی سمندری امور کے تعاون سے متعلق پروگرام کے اینڈریو موانگورا نے کہا ہے کہ قزاقوں نے ایم وی رم بحری جہاز پر سوار عملے کے 10 شامی ارکان کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔

قزاقوں نے تین فروری کو خلیج عدن سے لیبیا کی ملکیت کے ایک بحری جہاز پرقبضہ کیاتھا۔

صومالی قزاق گذشتہ چندبرسوں میں درجنوں بحری جہاز ہائی جیک کرچکے ہیں اور تاوان کے طورپر لاکھوں ڈالر وصول کرچکے ہیں۔