رواں ہفتے میں صومالی قزاقوں کا چوتھا نشانہ شامی مال بردار جہاز

رواں ہفتے میں صومالی قزاقوں کا چوتھا نشانہ شامی مال بردار جہاز

حالیہ دنوں میں صومالی بحری قزاقوں کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے کہ خبروں کے مطابق انہوں نے شام کا ایک مال بردار جہاز عملے کے 25 ارکان سمیت یرغمال بنا لیا ہے۔

قزاقی کی روک تھام سے متعلق یورپی یونین کی فوج کا کہناہے کہ صومالی قزاقوں نے شمالی بحیرہ عرب میں جمعرات کے روز ایم وی خالد محی الدین نامی مال بردار جہاز پر قبضہ کیا۔

رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ حکام کو جہاز ہائی جیک ہونے کا علم اس وقت ہوا جب کپتان نے جہاز کو چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ کی زد میں آنے اور کشتیوں پر سوار قزاقوں کو دیکھنے کی اطلاع دی۔

خالد محی الدین نامی بحری جہاز کے بارے میں بتایا ہے کہ اس پر موجود عملے میں 22 ارکان شامی جب کہ تین مصری تھے۔ جہاز سنگاپور سے یمن جارہاتھا۔

گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بحری جہاز یرغمال بنائے جانے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ جنوبی کوریا کے کمانڈوز نے جمعے کی صبح ایک کارروائی کرکے ایم وی ساہو جیولری نامی جہاز کو قزاقوں کے قبضے سے چھڑا لیا۔

صومالی قزاقوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ لاکھوں ڈالر تاوان وصول کرچکے ہیں اور یورپی یونین فورس کے مطابق اس وقت ان کے قبضے میں 30 سے زیادہ بحری جہاز اور عملے کے 700 سے زیادہ افراد بطوریرغمال موجود ہیں۔