|
آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ لیکن حیران کن طور پر سابق کپتان اسٹیو اسمتھ ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔
رواں برس جون میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش ٹیم کی قیادت کریں گے۔
آسٹریلوی کرکٹ چیف مائیک بیرڈ کا کہنا ہے کہ مچل مارش گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیم کے ساتھ ایک مثالی کھلاڑی اور قائد کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
آسٹریلوی اسکواڈ میں فاسٹ بالر مچل اسٹارک اور جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی شامل ہیں جو 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ تاہم سلیکٹرز نے ایک منجھے ہوئے آل راؤنڈر اور سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کو نظر انداز کر دیا ہے۔
اسمتھ ٹیم میں جگہ کیوں نہ بنا سکے؟
اسٹیو اسمتھ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے اور وہ ہر طرح کی طرز کی کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے 16 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر ہیں۔
چونتیس سالہ اسمتھ نے آخری بار رواں برس فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔
ٹیم سلیکٹر جارج بیلی نے اسٹیو اسمتھ کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر کہا کہ اسمتھ کے معاملے پر سلیکٹرز کے درمیان طویل بات چیت ہوئی تھی۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن ٹیم کو سامنے لانا تھا۔
جارج بیلی کے مطابق ٹیم کے موجودہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن اپ میں اسمتھ کی جگہ نہیں بنتی کیوں کہ اس وقت بیٹنگ لائن میں ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش موجود ہیں۔
اسٹیو اسمتھ رواں برس کھیلی جانے والی انڈین پریمیئر لیگ کا بھی کنٹریکٹ حاصل نہیں کر سکے تھے۔
جارج بیلی کے مطابق سلیکٹرز کی نظریں انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپٹلز کی نمائندگی کرنے والے 22 سالہ کھلاڑی فراسر میکگرک پر تھیں جو اپنی بیٹنگ سے متاثر کر رہے ہیں۔ البتہ آسٹریلوی سلیکٹرز نے فراسر میکگرک کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ایونٹ کا پہلا میچ میزبان امریکہ اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان دو جون کو کھیلا جائے گا۔ آسٹریلوی ٹیم اپنا پہلا میچ چھ جون کو عمان کے خلاف کھیلے گی۔
آسٹریلوی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، مارکس اسٹونس، میتھیو ویڈ، مچل اسٹارک، پیٹ کمنس، ایڈم زمپا، جوش ہیزل وڈ، جوش انگلس، آشٹن آگر، کیمرون گرین اور نیتھن ایلس شامل ہیں۔