جنوبی کوریا کے صدر مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے

جنوبی کوریا کے صدر

جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک تیل کی درآمد سے متعلق ذرائع میں اضافے کی کوشش میں آئندہ ماہ مشرق وسطیٰ کے متعدد تیل پیدا کرنے والے ملکوں کا دورہ کریں گے۔

پیر کو حکام نے بتایا کہ مسٹر لی ہفتہ یعنی 4 فروری کو یہ دورہ شروع کر رہے ہیں جس میں وہ ترکی پھر سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارت جائیں گے۔

صدارتی دفتر کا کہنا تھا کہ اس ایک ہفتے کے دورے سے جنوبی کوریا کو توانائی کے حصول میں تسلسل کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ جنوبی کوریا امریکی پابندیوں کے تناظر میں ایران سے خام تیل کی درآمد میں کمی کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

امریکہ نے ایشیائی ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران سے خام تیل کی درآمد ختم کرنے کے یورپی یونین کے اقدامات میں شامل ہوجائیں تاکہ متنازع جوہری پروگرام سے باز رہنے کے لیے تہران پر دباؤ ڈالا جاسکے۔