پاکستان کے صوبے سندھ کی حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کراچی میں شیڈول میچز کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر شائقین کے بغیر کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے حکومتی فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔
البتہ میڈیا، پروڈکشن ٹیموں اور دیگر ضروری اسٹاف پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔
کراچی میں 12 سے 17 مارچ تک پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچز کھیلے جائیں گے، جس میں ایک پلے آف مرحلے کا میچ بھی شامل ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صورتِ حال میں تبدیلی آئی ہے، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
پی سی بی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جن شائقین نے ٹکٹیں خرید لی ہیں، اُنہیں اُن کی رقوم واپس کی جائیں گی۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ لاہور کے میچز کے حوالے سے وہ پنجاب حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ لیکن تاحال لاہور میں شیڈول میچز کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ کا اختتام 22 مارچ کو ہو گا۔ لیکن اس سے قبل ہی عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کو وبائی مرض قرار دیے جانے کے بعد نہ صرف پاکستان بلکہ دُنیا بھر کی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔