پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر جمعہ کو ہوگی

چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے جمعرات کی شام کیا۔
پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے، جمعہ کو ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی۔ چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے جمعرات کی شام کیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو جیکب آبادسے چاند نظر آنے کی شہادت ملی جبکہ جن علاقوں سے زونل کمیٹیوں کو شہادتیں موصول ہوئیں ان میں راولپنڈی، بونیر، اسلام آباد، راولپنڈی، تھر پارکر وغیرہ شامل ہیں۔

ان شہروں کے علاوہ بھی متعدد علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں ملی ہیں جنہیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے قبول کرلیا۔
شوال کے چاند کی رویت کا فیصلہ کرنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کی۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء بھی موجود تھے۔
مرکزی کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بھی جمعرات کو شب سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں عید کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا تھا۔
ایک ملک میں دو عیدیں

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد ملک بھر میں جمعہ کو عید منائی جائے گی تاہم ایک ملک میں دوعیدیں منانے کی روایت اس سال بھی برقرار رہی۔ پاکستان کے قبائلی علاقوں مہمند ایجنسی اور بنوں وغیرہ میں جمعرات کو سعودی عرب کے ساتھ عید منائی گئی۔