بیٹی کے سامنے شارک مچھلی نے باپ کو بھنبھوڑ ڈالا

فائل فوٹو

جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں جمعہ کو ہی سرکاری اہلکاروں نے تقریباً 15 فٹ لمبی سفید شارک مچھلی دیکھی تھی۔

آسٹریلیا کے قریب جزیرہ تسمانیا کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک شارک مچھلی نے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا اور یہ سارا واقعہ اس شخص کی بیٹی کے آنکھوں کے سامنا ہوا۔

جزیرے کی پولیس کے ایک افسر ڈیوڈ وس نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک لڑکی اپنے والد کے ساتھ پانی میں سیپاں جمع کر رہی تھی لیکن جب وہ واپس اپنی کشتی پر آئی تو اس کا باپ سطح آب پر اس کے ساتھ نہیں آیا۔

"لڑکی نے پریشانی کے عالم میں اپنے والد کو ڈھونڈنے کے لیے دوبارہ پانی میں چھلانگ لگائی تو اس نے دیکھا کہ ایک بڑی شارک مچھلی اس کے والد پر حملہ آور ہے اور انھیں بری طرح بھنبھوڑ رہی ہے۔"

پولیس کے مطابق لڑکی واپس کشتی پر آئی اور ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کے لیے تیز روشنی فائر کی جس پر سمندر میں موجود بعض کشتیوں والے وہاں پہنچے اور زخمی شخص کو وہاں سے نکالا۔ لیکن یہ شخص اس قدر زخمی ہو چکا تھا کہ وہ جانبر نہ ہوسکا۔

جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں جمعہ کو ہی سرکاری اہلکاروں نے تقریباً 15 فٹ لمبی سفید شارک مچھلی دیکھی تھی۔

آسٹریلیا کے قریب ان پانیوں میں رواں سال فروری میں بھی شارک مچھلی نے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا تھا۔

حملے کا نشانہ بننے والے 41 سالہ جاپانی سیاح تاداشی ناکاہاری اپنی دونوں ٹانگیں گنوا بیٹھے تھے۔