انجری کے باعث پاکستان کے پیس بالر شاہین شاہ آفریدی کے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم سے باہر ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم نے دسمبر میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان آنا ہے جب کہ رواں برس کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے بھی دو ٹیسٹ تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق شاہین آفریدی انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ویسے ہی دستیاب نہیں تھے، اب نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی اُن کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی اتوار کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے فائنل میں کیچ پکڑنے کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
وہ انگلش بلے باز ہیری بروک کا کیچ پکڑنے کی کامیاب کوشش کے دوران گھنٹے کے بل گرے تھے جس کے باعث انہیں کچھ دیر کے لیے گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تھا۔ لیکن وہ اپنے دوسرے اسپیل کے لیے واپس آئے پر ایک ہی گیند کرانے کے بعد وہ دوبارہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی تھی کہ شاہین آفریدی ایک بار پھر انجری کا شکار ہو گئے ہیں، تاہم بورڈ نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان کی انجری کس نوعیت کی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی جانب سے گزشتہ تین برسوں سے محدود اوورز اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں۔ تاہم رواں برس جولائی میں گال ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے وہ گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی انجری سے چھٹکارے کے لیے لندن گئے، جہاں وہ ماہر ین کی زیرِ نگرانی ٹریننگ کرتے رہے۔
لگ بھگ ساڑھے تین ماہ بعد ان کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں واپسی ہوئی تھی، تاہم بھارت کے خلاف پہلے میچ میں وہ خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے جس پر ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ شاید وہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔
اس کے بعد شاہین آفریدی نے شان دار واپسی کی تھی اور جنوبی افریقہ کے خلاف 14 رنز دے کر تین وکٹیں، بنگلہ دیش کے خلاف 22 رنز دے کر چار، نیوزی لینڈ کے خلاف 24 رنز دے کر تین جب کہ فائنل میں 2.1 اوورز میں 13 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔