کینیا میں مسجد پر حملہ، سات افراد ہلاک

فائل

کینیا کے مشرقی علاقے میں واقع ایک مسجد پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
کینیا کے مشرقی علاقے میں واقع ایک مسجد پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ صومالیہ کی سرحد کے نزدیک واقع ایک گائوں میں جمعرات کو پیش آیا۔

مقامی حکام نے بتایا ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے مسجد کے اندر موجود پانچ افراد ہلاک ہوئے جب کہ ان کی چیخ و پکار سن کر مدد کے لیے آنے والی دو خواتین پر بھی مسلح افراد نے گولیاں برسا دیں۔

تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

کینیا میں ماضی قریب میں فائرنگ اور دستی بم حملوں کے کئی واقعات پیش آتے رہے ہیں جن کا الزام حکام شدت پسند صومالی تنظیم 'الشباب' اور اس کے حامیوں پر عائد کرتے ہیں۔

کینیا کی افواج اکتوبر 2011ء میں 'الشباب' کے خلاف کاروائی کےلیے سرحد پار کرکے صومالیہ میں داخل ہوئی تھیں جس کے بعد شدت پسند تنظیم نے کینیا سے اس فوجی مداخلت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ کینیا میں آئندہ ماہ کی 4 تاریخ کو عام انتخابات ہورہے ہیں اور مبصرین نے انتخابی مہم کے پرتشدد رنگ اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کر رکھا ہے۔

قبل ازیں 2007ء میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے بعد بھی کینیا میں نسلی فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں 1100 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔