سعودی عرب : جمعہ کے روز 'یوم الغضب' منانے کا اعلان

سعودی عرب : جمعہ کے روز 'یوم الغضب' منانے کا اعلان

کئی عرب ممالک میں جاری عوامی احتجاجی تحریک کے اثرات سعودی عرب بھی جا پہنچے ہیں جہاں حکومت مخالف گروپوں نے کل بروز جمعہ ’یوم الغضب ‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔

انٹرنیٹ گروپس کے ذریعے کیے گئے اعلان میں سعودی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کے روز دارالحکومت ریاض میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ مظاہرے کا مقصد سعودی حکومت سے ملک میں سیاسی اور معاشرتی اصلاحات متعارف کرانے کے مطالبہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے کئی عرب ممالک میں جاری حکومت مخالف عوامی احتجاجی تحریکوں کے پیشِ نظر سعودی حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں مملکت میں ہر قسم کے مظاہروں پر پابندی عائد کردی تھی۔

مذکورہ پابندی کئی چھوٹے گروپوں کی جانب سے گزشتہ ماہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مظاہرے منعقد کرنے کی کوششوں کے ردِ عمل میں لگائی گئی تھی۔

سخت حکومتی کنٹرول کے باعث سعودی عرب میں کبھی بھی بڑے احتجاجی مظاہرے منعقد نہیں ہوئے ہیں تاہم جمعہ کو ’یوم الغضب‘ منانے کے اعلان کی انٹرنیٹ پر ہزاروں افراد نے حمایت کی ہے۔

عرب حکمرانوں کے خلاف جاری عوامی احتجاجی تحریک کے اثرات سے سعودی شہریوں کو محفوظ رکھنے کی نیت سے مملکت کے حکمران شاہ عبداللہ نے گزشتہ ماہ کئی ایک اصلاحات متعارف کرائی تھیں جن میں تنخواہوں میں اضافہ، معاشی اور معاشرتی بھلائی کے سرکاری پروگراموں کےلیے اضافی فنڈز اور شہریوں کو بلا سودقرضوں کی فراہمی سرِ فہرست تھیں۔