کیلی فورنیا میں گیس لائن میں دھماکہ، 4 ہلاک

کیلی فورنیا میں گیس لائن میں دھماکہ، 4 ہلاک

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں جمعرات کی شام ایک گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے جبکہ دھماکے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق جمعرات کی شام سان فرانسسکو کے کے مغرب میں واقع سان برونو نامی قصبہ کے نواح میں ایک گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی جس پہ تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔ دھماکے اور آگ سے چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ درجنوں گھر بھی تباہ ہوگئے ہیں۔ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والے بیس افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبّی امداد دی جارہی ہے۔

پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک نامی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ کمپنی کی گیس ٹرانسمیشن لائن میں ہوا۔ کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کا اسٹاف حادثے کی جگہ پر گیس کی سپلائی بند کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ بیان میں کمپنی نے دھماکے کی وجوہات سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دھماکہ کی وجہ اس کے اسٹاف کی غفلت ہوئی تو کمپنی خود کو احتساب کیلیے پیش کرے گی۔

مقامی فائر بریگیڈ انتظامیہ کے سربراہ کے مطابق آگ سے اب تک علاقے کے 53 گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 120 مزید گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق فائر فائٹرز آگ پہ قابو پانے کی کوششوںمیں مصروف ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقے سے ہنگامی طور پر انخلاء کرائے گئے 100 سے زائد افراد جمعہ کی صبح تک مقامی ایمرجنسی سینٹرز میں رجسٹر ڈہوچکے تھے جبکہ پیچھے رہ جانے والے افراد کی تلاش کا کا م جاری ہے۔