سلیم ملک کو بھی دوبارہ کرکٹ میں واپسی کا موقع ملنا چاہیے: انضمام الحق

انضمام الحق نے کہا ہے کہ سلیم ملک کا کیریئر اس طرح ختم ہونا بدقسمتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ملک کے لیے کچھ کرنے کے جذبے کے ساتھ دوسری اننگز کے مستحق ہیں۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ سلیم ملک کو بھی سابق بھارتی کرکٹر محمد اظہر الدین کی طرح دوبارہ کرکٹ میں واپسی کا موقع ملنا چاہیے۔

کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں کھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل ہیں جب کہ لاک ڈاؤن کے باعث کھلاڑی گھروں میں قید ہیں۔ ایسے میں مختلف کرکٹ پلیئرز نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ انضمام الحق بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں انضمام الحق نے سلیم ملک کو پاکستان کا بہترین بلے باز قرار دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2000 میں سلیم ملک پر میچ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی لگا دی تھی جسے 2008 میں لاہور کی ایک عدالت نے حکم نامے کے ذریعے ختم کرا دیا تھا۔

انضمام کا کہنا تھا کہ ان کا کیریئر اس طرح ختم ہونا بدقسمتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ملک کے لیے کچھ کرنے کے جذبے کے ساتھ دوسری اننگز کے مستحق ہیں۔

ان کے بقول بھارت نے بھی سابق کپتان محمد اظہر الدین کو دوبارہ اننگز کھیلنے کا موقع دیا اور اب وہ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سلیم ملک کو بھی اظہر الدین کی طرح کرکٹ سے متعلق کسی ایسی ہی سرگرمی سے منسلک کر دینا چاہیے۔

محمد یوسف اور بابر اعظم کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں سلیم ملک بھی کسی سے پیچھے نہیں تھے۔ ان میں اب بھی کرکٹ کھیلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح محمد یوسف، ظہیر الدین اور بابر اعظم کھیلتے ہیں سلیم ملک بھی اسی نوعیت کے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے 100 سے ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور 7000 سے زیادہ رنز بنائے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سلیم ملک اپنی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ کے ہنر سکھاتے تھے جب کہ ان کی رہنمائی بھی کرتے تھے۔

ویڈیو میں انضمام الحق نے سلیم ملک کے دور کی یادیں شیئر کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دور کے بھارتی کرکٹرز کے خلاف سلیم ملک نے کس طرح کامیابی حاصل کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سلیم ملک جارحانہ پلیئر تھے۔