سچن ٹنڈولکر کا آخری میچ، زبردست استقبال

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سچن کو آخری بار ’ایکشن‘ میں دیکھنے کے لیے کرکٹ کے کھیل کے مداحوں نے پہلے ہی تمام ٹکٹ خرید لیے تھے۔
بھارت کے معروف بلے باز سچن ٹنڈولکر جمعرات کو ممبئی میں اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں، جس کے بعد وہ ریٹائر ہو جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر ٹنڈولکر 38 پر ناٹ آؤٹ تھے۔

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سچن کو آخری بار ’ایکشن‘ میں دیکھنے کے لیے کرکٹ کے کھیل کے مداحوں نے پہلے ہی تمام ٹکٹ خرید لیے تھے۔

24 سال پر محیط سچن ٹنڈولکر کے کرکٹ کیرئیر کے آخری پانچ روز میچ کے لیے اُن کے ہوم گراؤنڈ کا ہی انتخاب کیا گیا، اور لگ بھگ 33 ہزار شائقین کی گنجائش والا یہ گراؤنڈ جمعرات کی صبح کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔


ویسٹ انڈیز کے خلاف سچن جب اپنی اننگز کھیلنے کے لیے آئے تو تماشائیوں نے کھڑے ہو کر اُن کا استقبال کیا اور کافی دیر تک اُن کے لیے تالیاں بجائی جاتی رہیں جب کہ میدان میں موجود میں مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں اور ایمپائروں نے بھی دنیائے کرکٹ کے اس مایہ ناز بلے باز کا استقبال کیا۔

سچن دنیائے کرکٹ خاص طور پر بھارت کے امیر ترین کھلاڑی ہیں اور ان کی دولت کا تخمیہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر ہے۔

سابق کرکٹر اور اس کھیل کے شائقین ٹنڈولکر کو اس عہد کا عظیم کھلاڑی قرار دیتے ہیں۔ وہ 200 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی ہیں جب کہ وہ 463 ایک روز میچ کھیل چکے ہیں جو از خود ایک ریکارڈ ہے۔

ٹیسٹ اور ایک روز میچوں میں سب سے زیادہ انفردی اسکور بنانے کا سہرا بھی سچن کے سر ہے۔ وہ ٹیسٹ میچوں میں 67 جب کہ ایک روزہ میچوں میں 49 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

آخری میچ دیکھنے کے لیے پہلی مرتبہ ٹنڈولکر کی والدہ بھی اسٹیڈیم آئیں جب کہ ٹنڈولکر نے کئی کھلاڑیوں، فلم کے اداکاروں اور کاروباری شخصیات سمیت پانچ سو افراد کو مدعو کیا جن کے لیے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں علیحدہ جگہ مختص کی گئی۔

سچن نے 16 سال کی عمر میں 1989 میں اپنا پہلا بین الاقوامی میچ پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔