’سات دن محبت ان‘ ہے نا ’یونیک‘ نام۔ آج کے دور کی فلموں کے نام اسی طرح کے ہوتے ہیں۔۔ دور جو بدل گیا۔ پھر بار بار رٹے پٹے ناموں کو کون دوہرائے۔ پہلے ہی ایک ایک نام کی کئی کئی فلمیں بن چکی ہیں۔ خیر یہ بحث پھر کبھی سہی۔
فی الحال ماہرہ خان کے فینز یہ خوشخبری سن لیں کہ ’سات دن محبت ان‘ ماہرہ کی نئی زیر تکمیل فلم کا نام ہے جو مزاح کے ساتھ ساتھ ’محبت کا تڑکا‘ لئے ہوئے ہے۔
’سات دن محبت ان‘ مزاحیہ فلم ہے ۔۔آپ درست سمجھے۔ نام سے بھی اس بات کا احساس ہوتا ہے۔ لیکن اس فلم میں ’’محبت کا تڑکا‘‘ زیادہ ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جسے سچی محبت کی تلاش ہے، لیکن وہ کہتے ہیں نا سچی محبت پانا بھی اتنا آسان نہیں ہوتا۔۔ لہذا، ہیرو کو اس کی تلاش میں خاصی رکاوٹیں عبور کرنا پڑتی ہیں۔۔۔کس کس طرح؟ بس یہی اس فلم کا تانا بانا ہے۔
فلم پاکستانی میڈیا ہاؤس ’ڈان‘ اور آئی ایم جی سی گلوبل کی مشترکہ پروڈکشن ہوگی۔ اس حوالے سے، ایک تقریب میں نازفرین سہگل لاکھانی، سی ای او ’ڈان فلمز‘ اور ’آئی ایم جی سی گلوبل‘ کے چیئرمین شیخ امجد رشید نے معاہدے پر دستخط کئے۔
فلم کی کاسٹ میں ماہرہ خان کے علاوہ کئی دیگر بڑے نام بھی موجود ہوں گے جیسے شہریار منور، آمنہ الیاس، میرا سیٹھی، عمران اسلم، ریحانہ سہگل، ریمل، عامر قریشی اور عدنان شاہ ٹیپو۔
فلم کی پروڈکشن اگلے مہینے شروع ہوجائے گی۔ فلم کی ڈائریکشن مینو اور فرجال کا ذمہ ہوگی، جبکہ موسیقار ہیں ارشد محمد، شجاع حیدر اور شانی ارشد۔
ڈان فلمز کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر صنم مہدی نے بتایا کہ ’سات دن محبت ان‘ کی پروڈکشن ٹیم کا حصہ بننے پر میں خود کو بہت جذباتی محسوس کر رہا ہوں۔ بقول اُن کے، ’’میرا بس نہیں چل رہا کہ فلم چند روز میں ہی تیار ہوجائے۔ مجھے یقین ہے کہ اس فلم سے پاکستان سنیما کے ایک نیا دور کی شروعات ہوگی۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ’’ہمارے گروپ کے لئے 1953ء سے اب تک پاکستان فلم انڈسٹری کے ساتھ جڑے رہنے پر فخر ہے۔ مجھ سے پہلے میرے والد فلم ڈسٹری بیوشن کے شعبے سے وابستہ تھے۔ آج ہم پاکستان کے سب سے بڑے ڈسٹری بیوٹر ہیں اور 225 سے زائد یادگار فلمیں ہمارے کریڈیٹ پر ہیں۔ اب ہم ’سات دن، محبت ان ‘ کو لیکر بہت ایکسائٹیڈ ہیں۔ میں سمجھتا ہوں۔۔ہمارے کریڈیٹ میں اس فلم سے مزید اضافہ ہوگا۔‘‘