جنوبی افریقہ کے کپتان ڈو پلیسس ایک ٹیسٹ کیلئے معطل

کپتان ڈو پلیسس دوسرے ٹیسٹ کے دوران ساتھی کھلاڑیوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈوپلیسس پر ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی اور میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کو بھی میچ فیس کے 10 فیصد جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔

اُنہیں یہ سزا پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے سلو اوور ریٹ برقرار رکھنے پر دی گئی۔

اس ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر موجودہ سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

ڈوپلیسس اور جنوبی افریقہ کی ٹیم پر یہ جرمانہ آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے اُس وقت عائد کیا جب یہ دیکھا گیا کہ دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوور مکمل نہیں کئے۔ لہذا اُنہیں اوورز کی سست روی کا مرتکب پایا گیا۔

سلو اوور ریٹ کی وجہ سے اس ٹیسٹ میچ کے پہلے تینوں دن کے کھیل میں 30 منٹ کا اضافہ کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے چاروں تیز بالروں نے میچ کی دونوں اننگز میں کل 122 اوور کرائے جن کیلئے اُنہوں معمول سے کچھ زائد وقت لیا۔

اس سے قبل 17 جنوری، 2018 کو بھی بھارت کے خلاف سینچورین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ڈو پلیسس کوجنوبی افریقہ کی جانب سے سست روی سے اوور کرانے پر وارننگ دی گئی تھی۔ چونکہ پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈوپلیسس کیلئے یہ سلو اوور ریٹ کا دوسرا واقعہ تھا۔ لہذا اُن کی سزا میں اضافہ کرتے ہوئے اُن پر ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی لگا دی گئی ہے۔ یوں وہ پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی قیادت نہیں کر سکیں گے۔

خیال ہے کہ اُن کی جگہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی کپتانی تجربہ کار بیٹسمین ھاشم آملہ یا ایڈن مارکرم کو سونپی جا سکتی ہے۔ ان کے علاوہ ڈین ایلگر بھی 2017 میں ایک ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں جب ڈو پلیسس اپنے بچے کی پیدائش کے باعث اُس ٹیسٹ کیلئے دستیاب نہیں تھے۔

یوں دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی کپتانی کیلئے ان میں سے کس کھلاڑی کو منتخب کیا جاتا ہے۔