|
اگر کوئی کھانے پینے میں احتیاط نہ کریں اور وزن بڑھائے تو اسے ہم زیادہ سے زیادہ جم جانے کا مشورہ دے سکتے ہیں لیکن جنوبی کوریا میں ایسے ایک شخص کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی عدالت نے اس شخص کو ملک میں لازمی ملٹری سروس سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر وزن بڑھانے پر جیل بھیجا ہے۔
جنوبی کوریا میں 30 برس سے کم عمر کے مَردوں پر کم از کم دو برس تک ملٹری سروس کرنا لازمی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جنوبی کوریا اپنے ہمسایہ شمالی کوریا کے ساتھ تیکنیکی طور پر حالتِ جنگ میں ہے۔
ان حالات میں تمام تندرست مَردوں پر فوج میں خدمات انجام دینا لازم ہے البتہ صحت کے مسائل کے شکار افراد کو متبادل ذمے داریاں بھی دے دی جاتی ہیں جن میں دفتری کام اور میونسپل گورنمنٹ کے لیے کام کرنا شامل ہے۔
رواں ماہ 26 برس کے ایک شخص کو ملٹری سروس ایکٹ کی خلاف ورزی کے جرم میں دو سال کے لیے قید کی سزا دی گئی ہے کیوں کہ اس نے خود کو ذمے داریوں کے لیے ان فٹ بنانے کے لیے جانتے بوجھتے ہوئے کھا کھا کر اپنا وزن بڑھایا۔
سزا پانے والے شخص کی مںصوبہ بندی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب اسے پتا چلا کہ باڈی ماس انڈیکس اگر 35 سے بڑھ جائے تو لازمی ملٹری سروس سے استثناٰ مل جاتا ہے۔ یہ انڈیکس قد، صنف اور عمر وغیرہ کے اعتبار سے کسی انسان کے وزن کی درجہ بندی کے لیے استعمال ہوتا ہے جس میں 35 بہت زیادہ موٹاپے کا درجہ ہے۔
اس نوجوان نے یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے ایک دوست کے دیے گئے پلان پر عمل شروع کیا۔ اس پلان میں کھانا پینا دگنا کرنے اور طبی معائنے سے قبل خوب پانی پینے جیسی ترکیبیں شامل تھیں۔
سیول کی ایسٹرن ڈسٹرک کورٹ کے مطابق سزا پانے والے شخص کا قد پانچ فٹ چھ انچ ہے اور اس نے فوجی سروس سے بچنے کے لیے اس نے اپنا وزن 83 کلو سے 105 کلوگرام تک بڑھایا۔ کورٹ کے مطابق اس شخص نے 2017 سے 2023 تک 21 سے 23 کلو وزن کا اضافہ کیا۔
سروس سے بچنے کے لیے اس شخص کو وزن بڑھانے کی ترکیب بتانے والے اس کے دوست کو بھی اعانتِ جرم کے تحت چھ ماہ کی قید اور ایک سال تک معطلی کی سزا دی گئی ہے۔
عدالت نے بتایا کہ ملزم نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے اور اپنی ملٹری ڈیوٹی پورے خلوص سے مکمل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
SEE ALSO: ’پرینکسٹر آرٹسٹ‘ جن کا ایک کیلے سے بنایا گیا فن پارہ 62 لاکھ ڈالر میں فروخت ہواجنوبی کوریا کی ملٹری مین پاؤر ایڈمنسٹریشن لازمی سروس نہ کرنے والے افراد کے نام، عمر، پتے اور سروس نہ کرنے کے اسباب کی فہرست تیار کرکے اسے عام کر دیتی ہے۔
سال 2023 میں 355 افراد نے غیر قانونی طور پر لازمی فوجی سروس سے فرار اختیار کیا تھا۔ 2015 میں فہرستیں عام ہونے کا سلسلہ لسٹوں کے اجرا کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد یہ سب سے زیادہ تعداد تھی۔
جنوبی کوریا میں معروف لوگ بھی ملٹری سروس سے بچنے کے لیے بہانے بناتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ ایک معروف شخصیت نے تو فوجی میں سروس سے بچنے کے لیے اپنا دانت تک نکال دیا تھا۔
گزشتہ برس ’کے پوپ‘ کے ایک گلوکار کو بھی سزا ہوئی تھی جس نے جعلی طبی دستاویز میں ظاہر کیا تھا کہ اسے مرگی کی شکایت ہے۔ راوی نامی اس گلو کار نے بعدازاں سوشل میڈیا پر ملٹری سروس سے فرار اختیار کرنے پر معافی بھی مانگی تھی۔
اس خبر کی تفصیلات اے ایف پی سے لی گئی ہیں۔