روسی خلائی جہاز اتوار کو زمین سے ٹکرا سکتا ہے

روسی خلائی جہاز اتوار کو زمین سے ٹکرا سکتا ہے

مریخ کے ایک چاند کی جانب روانہ کیا جانے والا روسی خلائی جہاز اپنے مشن میں ناکامی کے بعد زمین کی جانب بڑھ رہاہے جس کے بعد وہ زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوجائے گا۔

روسی خلائی جہازفوبس گرانٹ کے بارے میں کہاگیا ہے کہ وہ اتوار کے روز یونیورسل ٹائم کے مطابق چار بجکر41 منٹ اور نوبجکر پانچ منٹ کے درمیان کسی بھی وقت زمین سے ٹکرائے گا ، مگر کہاں؟ کوئی نہیں جانتا۔

روس نے اپنا خلائی جہاز گذشتہ سال 9نومبر کو مریخ کے مشن پر روانہ کیاتھا مگر خلائی جہاز کے کمپیوٹر میں خرابی کی وجہ سے اس کے بوسٹر انجن اپنا کام نہ کرسکے اور وہ اپنی منزل کی جانب بڑھنے کی بجائے زمین کے مدار میں پھنس گیا۔

روس کے خلائی ادارے روس کوس موس نے کہا کہ ہے 14 ٹن وزنی خلائی جہاز کے زمین پر بہت کم ٹکڑے گریں گے جن کاوزن تقریباً 200 کلوگرام تک ہوسکتاہے جن سے ماحول کو کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اس خلائی جہاز میں اندازً گیارہ ٹن غیر استعمال شدہ زہریلا ایندھن موجود ہے۔ خلائی ادارے کا کہناہے کہ یہ ایندھن زمین کے کرہ ہوائی میں داخل ہونے کے دوران جل کر ختم ہوجائے گا۔