روس نے پولش صدرکازنسکی کے فضائی حادثے کی دستاویزات پولینڈ کے حوالے کردیں

روس نے پولش صدرکازنسکی کے فضائی حادثے کی دستاویزات پولینڈ کے حوالے کردیں

روسی پراسیکیوٹرز کا کہناہے کہ انہوں نے پولینڈ کے حکام کو، طیارے کے اس حادثے سے متعلق، جس میں لگ بھگ ایک سال قبل پولینڈ کے صدر ہلاک ہوگئے تھے، تفتیش میں مدد کے لیے مزید دستاویزات فراہم کردی ہیں ۔

یہ دستاویزات بدھ کے روز پولینڈ کے حوالے کی گئیں۔ اس سے قبل پولینڈ نے حادثے کے مقدمے کی تقتیش کے لیے روس سے قانونی معاونت فراہم کرنی درخواست کی تھی۔

روس پہلے ہی گذشتہ سال 10 اپریل کو ہونے والے حادثے سے متعلق مواد فراہم کرچکاہے۔ اس حادثے میں طیارے پر سوار تمام 96 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں پولینڈ کے صدرکازنسکی ، ان کی اہلیہ اور دوسرے کئی اعلیٰ عہدے دار بھی شامل تھے۔

حادثے کے بارے میں ہوابازی کے روسی حکام کا کہناہے کہ وہ حادثہ خراب موسم کے باوجود پولینڈ کے پائلٹ کے طیارہ اتارنے کےغلط فیصلے کے نتیجے میں ہواتھا۔

ہوابازی کی بین الالصوبائی کمیٹی نے جنوری میں ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ طیارے کے عملے پر صدر سمیت دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے خراب موسم کے باوجود لینڈنگ کے لیے دباؤ ڈالاتھا۔

طیارے کی آوازوں کا ریکارڈ یہ ظاہر کرتاہے کہ طیارے کے عملے کو یہ خوف تھا کہ اگر جہاز نہ اتارا گیا تو صدر ناراض ہوجائیں گے۔

جب کہ پولینڈ کے حکام کا خیال ہے کہ طیارے کے حادثے میں روس کے فضائی ٹریفک کنٹرول کا بھی ہاتھ ہے۔