روس پینلٹی ککس پر اسپین کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں

سپین کو شکست دینے کے بعد روسی کھلاڑی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں اب تک کے سب سے دلچسپ اور سنسنی خیز میچ میں روس نے اسپین کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ 120 منٹ کے کھیل کے بعد ایک، ایک گول سے برابری پر میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس کے ذریعے ہوا۔

میچ کے ہیرو روسی گول کیپر ایگور ایکنفیو نے کئی یقینی گول روکنے کے ساتھ ساتھ پینلٹی ککس کے مرحلے میں اسپین کے کوکے اور ایاگو اسپاس کی ککس روک کر اپنی ٹیم کو جیت دلوائی۔

کھیل کے 12 ویں منٹ میں روس کے دفاعی کھلاڑی سرگئی اگناشووچ نے گول کر کے حریف ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ اگناشووچ ورلڈ کپ مقابلوں میں اون گول کرنے والے اب تک کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی ہیں۔41 ویں منٹ میں روس کے ارٹیم ڈیوبا نے پینلٹی کک پر گول کرکے میچ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔

میچ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کے لئے جان کی بازی لگا دی لیکن کوئی بھی ٹیم سبقت حاصل نہ کر سکی اور میچ ایک، ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پندرہ، پندرہ منٹ کے دو اضافی ہاف دیئے گئے لیکن اس میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، 2010ء کے ورلڈ کپ فائنل کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب میچ اضافی وقت تک کھیلا گیا۔

اضافی وقت میں بھی میچ کا فیصلہ نہ ہو سکا، جس پر دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پینلٹی ککس دی گئیں۔ اب دونوں ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ گول کیپرز کے ہاتھ میں تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ روسی گول کیپر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کر سکتے ہیں اور ایسا ہی ہوا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے دو، دو کامیاب پنالٹی ککس کے بعد روسی گول کیپر نے اسپین کے مڈفیلڈر کوکے کی جانب سے تیسری کک روک کر ٹیم کو برتری دلا دی۔

روسی کھلاڑی نے بغیر کوئی غلطی کیے تیسری کک پر گیند گول میں پھینک کر اسکور تین، دو کر دیا۔ اسپین کے سرگیو راموس نے اسکور ایک بار پھر تین، تین کیا تو روس کے چیری شیو نے چوتھی پینلٹی پر بھی گول کرکے ٹیم کو ایک بار پھر چار،تین سے برتری دلا دی۔ اسپین کے طرف سے ایاگو اسپاس نے ایک اور پنالٹی ضائع کی جس کے باعث روس نے میچ 4-3 سے جیت کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا اور ورلڈ کپ میں اسپین کا سفر یہیں تمام ہوا۔

سابق سوویت یونین کی تقسیم کے بعد روس نے اسپین کو پہلی بار شکست سے دی ہے۔