اس برس ملکہ برطانیہ کے ہمراہ کرسمس منانے والوں میں شہزادہ فلپ، شہزادی این، شہزادہ اینڈریو، شہزادہ چارلس، کمیلا، شہزادی زارا، شہزادہ ولیم اور ہیری اور شہزادی کیٹ کے ہمراہ ننھے شہزادہ جارج کے علاوہ شاہی خاندان کے دیگر افراد شامل ہیں۔
لندن —
برطانیہ کے شاہی خاندان نے ملکہ ایلزیبتھ دوئم کے ہمراہ سنڈرنگھم کے ایک چرچ میں روایتی کرسمس سروس میں حصہ لیا۔
شاہی روایات کے مطابق ملکہ ِبرطانیہ ہر سال سنڈرنگھم اسٹیٹ ہاؤس میں کرسمس کی تعطیلات گزارتی ہیں اور اسی چھوٹے سے گاؤں میں شاہی خاندان ایک ساتھ جمع ہو کر کرسمس کا تہوار مناتا ہے۔
شاہی روایات کے مطابق ملکہ ِبرطانیہ ہر سال سنڈرنگھم اسٹیٹ ہاؤس میں کرسمس کی تعطیلات گزارتی ہیں اور اسی چھوٹے سے گاؤں میں شاہی خاندان ایک ساتھ جمع ہو کر کرسمس کا تہوار مناتا ہے۔
مشرقی برطانیہ کی کاؤنٹی نورفک میں واقع سنڈرنگھم اسٹیٹ ہاوس میں اس برس ملکہ برطانیہ کے ہمراہ کرسمس منانے والوں میں شہزادہ فلپ، شہزادی این، شہزادہ اینڈریو، شہزادہ چارلس، کمیلا، شہزادی زارا، شہزادہ ولیم اور ہیری اور شہزادی کیٹ کے ہمراہ ننھے شہزادہ جارج کے علاوہ شاہی خاندان کے دیگر افراد شامل ہیں۔
سخت سردی کے باوجود ملکہ ِبرطانیہ کی قیادت میں شاہی خاندان نے کرسمس کی خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کرنےکی غرض سے سنڈرنگھم اسٹیٹ ہاؤس سے چرچ تک پیدل واک کی اس موقع پر چرچ کے باہر مقامی آبادی کی ایک بڑی تعداد نے شاہی خاندان کا استقبال کیا۔
پینتالیس منٹ کی چرچ سروس کے اختتام پر ملکہ ِبرطانیہ اور شہزادی کیتھرین نے چرچ کے باہر کھڑے ہوئے لوگوں سے بات چیت کی اور پھولوں کے گلدستے وصول کئے، شہزادی کیٹ نے شہزادہ جارج کی غیر موجودگی کے بارے لوگوں سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ، ’انہیں بھی اس بات کا انتظار ہے کہ شہزادہ جارج جلد بڑا ہو کر ہمارے ساتھ کرسمس کی تقریب میں شریک ہو سکے‘۔ البتہ انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ، ’فی الحال ننھے شہزادے کو تحائف سے زیادہ ریپنگ پیر پسند ہیں‘۔
سنڈرنگھم کے چھوٹے سے چرچ سینٹ میری میگڈالین کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ایک صدی سے چرچ کرسمس سروس کے لیے شاہی خاندان کی میزبانی کرتا آیا ہے۔ پہلی بار ملکہ وکٹوریہ نے سنڈرنگھم میں کرسمس کی تعطیلات گزاری تھیں۔
کہا جارہا ہے کہ کرسمس پر اگرچہ بہت سالوں سے شاہی خاندان کے سبھی افراد شریک نہیں ہو سکے تھے خاص طور پر گذشتہ برس شہزادہ ولیم اور حاملہ شہزادہ کیتھرین نے کرسمس اپنی والدہ کے گھر پر منائی تھی جبکہ ملکہ ِبرطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ شدید علالت کے باعث ہسپتال میں زیر ِعلاج تھے اور شہزادہ ہیری افغانستان میں اپنی فوجی ڈیوٹی کی انجام دہی میں مصروف تھے لیکن اس برس شاہی خاندان کی چار نسلیں ایک ساتھ ملکر کرسمس منارہی ہیں ۔
سنڈرنگھم میں شاہی خاندان کی مصروفیات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کرسمس ایوو ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب پورا خاندان ملکر کرسمس ٹری کی تزئین و آرائش کرتا ہے اور اسی شام تحئف کا تبادلہ کیا جاتا ہے جبکہ اگلے روز کرسمس کی دعائیہ تقریب سے واپسی پر روایتی کرسمس لنچ پر تمام لوگ اکھٹے ہوتے ہیں جس کے بعد ڈرائنگ روم میں ملکہ برطانیہ کا خصوصی کرسمس کا پیغام سنا جاتا ہے جبکہ باکسنگ ڈے پر بھی شاہی روایات کے مطابق شکار کھیلا جاتا ہے۔