فرانس کا شہر گرینوبل یورپ کا پہلا شہر بن گیا ہے، جس نے اپنی سڑکوں پر سے تمام ’کمرشل ایڈور ٹائزنگ‘ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی شہر کے میئر نے وعدہ کیا ہے کہ شہر کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کےلیے بڑے بڑے بل بورڈز کی جگہ پر درخت لگائے جائیں گے۔
مقامی روزنامہ 'فرانس چوبیس' کے مطابق، گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے میئر ایرک فیولے نے پیر کے روز عوامی مقامات پر سائن بورڈز، ہورڈنگز اور کمرشل اشتہارات لگانے پر پابندی کا اعلان کیا تاہم انھوں نے مشتہرین سے وعدہ کیا ہے کہ ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کی پبلسٹی کے لیے انھیں کمیونٹی نوٹس بورڈ پر فری اشتہارات چسپاں کرنے کی اجازت ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق، اس منصوبے کے تحت شہر کا کمرشل اشتہارات چسپاں کرنے کا معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد آئندہ برس جنوری سے اپریل تک شہر بھر سے 326 اشتہارات اور 64 بل بورڈز اتار لیے جائیں گے۔
جب کہ بتایا گیا ہے کہ فرانس کے جنوب مشرق میں واقع گرینوبل شہر کے مئیر فیولے نے پہلے یوپی میئر ہیں جنھوں نے شہر میں شجر کاری کی مہم شروع کرنے کے لیے کمرشل اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا خسارہ برداشت کرنے میں پہل کی ہے۔
مئیر ایرک فیولے نے کہا کہ انتظامیہ نے'جی سی ڈی کوکس' عالمی اشتہاری کمپنی جو شہر بھر میں ایڈورٹائزنگ پینل لگانے کا حق رکھتی ہے اس کے ساتھ معاہدے کی تجدید نا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میئر فیولے نے اپنے بیان میں کہا کہ شہر کو مزید خوبصورت بنانے کا وقت آگیا ہے ہم ایک ایسا شہر چاہتے ہیں جہاں ذہنی تھکان اور تناؤ محسوس نا ہو اور اشتہارات کا ہٹایا جانا اسی سمت میں ایک قدم ہے۔
شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اشتہاری کمپنی کے ساتھ آئندہ برس کے معاہدے کی تجدید کے طور پر بلدیہ کو 150,000 یورو کا نقصان برداشت کرنا ہو گا جب مشتہرین کو فکسڈ ایڈورٹائزنگ پینلز کے بجائے ڈیجیٹل اشتہارات کی طرف راغب کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے بس اڈوں پر سے ایڈورٹائزنگ پینلز کو آئندہ برس نہیں ہٹایا جا سکے گا کیونکہ اشتہاری کمپنی کے ساتھ ایک دوسرے معاہدہ کا اختتام 2019 ء میں ہو گا جب تک بلدیہ بس اڈوں پر سے کسی قسم کے اشتہارات ہٹانے کی مجاز نہیں ہو گی۔
تاہم عالمی اشتہاری کمپنی جی سی کوکس نے اس فیصلے پر مئیر کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جن کا کہنا ہے کہ مشتہرین کے لیے شہر کو بند کرنا ایک افسوسناک فیصلہ ہے۔
گرینوبل کو پچھلے سال طالب علموں کے لیے فرانس کا بہترین شہر قرار دیا گیا تھا اس کے علاوہ فوربز کے مطابق دنیا کے پانچ تخلیقی شہروں میں سے گرینوبل کو پانچواں درجہ دیا گیا۔