’بسکٹ‘ کے بعد ’اوئے ہوئے‘؟

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے کپتان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے وقت

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کیلئے جو نئی ٹرافی متعارف کرائی گئی ہے اسے ’اوئے ہوئے کپ‘ سے موسوم کیا گیا ہے۔

ایک ماہ قبل جب پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوا تو اس سیریز کی سپانسر بسکٹ کمپنی کی طرف سے ایک بسکٹ ٹرافی تیار کی گئی تھی جس کے اوپر ایک بڑے سائز کا بسکٹ آویزاں کیا گیا تھا۔ کرکٹ کے ماہرین اور شائقین دونوں نے ہی اس ٹرافی پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

تاہم اب ٹیسٹ سیریز کیلئے سپانسر بسکٹ کمپنی کے بجائے ایک پینٹ تیار کرنے والی کمپنی ہے جس نے اپنے ایک برانڈ کے نام پر اس ٹرافی کا نام’ اوئے ہوئے‘ رکھا اور یہ مضحکہ خیز الفاظ بھی جلی حروف میں ٹرافی پر آویزاں ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شائقین کرکٹ نے اس ٹرافی پر بھی سخت حیرت اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا، ’’کیا واقعی پاکستان میں ایسا ہو سکتا ہے؟ پہلے بسکٹ ٹرافی اور اب اوئے ہوئے۔ نیوزی لینڈ ایسی ٹرافی کی حقدار نہیں۔ وہ اس سے بہتر ٹرافی کی حقدار ہے۔

ایک اور صارف نے ٹویٹ کیا، ’’کیا پاکستان کرکٹ بورڈ عقل سے عاری ہو گیا ہے؟ وہ مالی فائدے کیلئے کس قسم کی ٹرافیاں متعارف کرا رہا ہے؟ پہلے بسکٹ اور اب اوئے ہوئے!‘‘

کرکٹ کے ایک اور شائق کا ٹویٹ تھا، ’’ اس ٹرافی کی رونمائی کے وقت سرفراز خود بھی اپنے تاثرات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا، ’’یہ ٹرافی ہے یا کوئی مذاق؟ اوئے ہوئے کے الفاظ صرف کسی کا مذاق اُڑانے کیلئے ہی استعمال ہوتے ہیں۔