وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کے لیے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کے لیے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

جامعہ کراچی کے چانسلر اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ رحمن ملک کو یہ اعزاز کراچی میں قیام امن کے لئے ان کی دن رات محنت اور کوششوں کا ثمر ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کوجامعہ کراچی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری تفویض کردی گئی ہے۔ یہ اعزازی ڈگری انہیں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دی گئی۔ جامعہ کراچی کے چانسلر اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ رحمن ملک کو یہ اعزاز کراچی میں قیام امن کے لئے ان کی دن رات محنت اور کوششوں کا ثمر ہے۔

اس حوالے سے منگل کو گورنر ہاؤس کراچی میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پیرزادہ قاسم اور دیگر اعلیٰ حکام اور جامعہ کراچی کے اساتذہ موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں اپنے والدین اور اساتذدہ کی دعاوٴں اورمحنتوں کے عوض ہیں۔ انہوں نے ملک کے لئے مزید خدمات انجام دینے کا عزم بھی کیا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مقابلے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور بلاشبہ رحمن ملک نے کراچی میں امن وامان کیلئے بڑی خدمات انجام دی ہیں۔