کنور رحمان خان
آپریشن ’ردالفساد‘ کے تحت دہشتگردوں کے 26 سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا، جن کے لیے بتایا جاتا ہے کہ اُنھوں نے عیدالفطر پر دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
پاکستان رینجرز پنجاب نے ’آپریشن ردالفساد‘ کے تحت صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار کیے گئے سہولت کاروں کی تعداد 26 بتائی جاتی ہے جنہیں فیصل آباد شہر کے مختلف حصوں اور گرد و نواح سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب رینجرز میجر شیر اعظم خان نے ’وائس آف امریکہ‘ کو فیصل آباد میں کیے گئے آپریشن کے بارے میں بتایا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی میں پنجاب پولیس، محکمہٴ انسداد دہشت گردی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔
Your browser doesn’t support HTML5
میجر شیر خان کے مطابق مبینہ سہولت کاروں سے 50 ممنوعہ غیر ملکی خودکار رائفلیں اور بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی پکڑا گیا ہے، جو انہوں نے عیدالفطر پر دہشتگردی کی ممکنہ مختلف کارروائیوں میں استعمال کرنا تھا۔
پنجاب رینجرز کی گزشتہ پانچ دنوں میں آپریشن ردالفساد کے تحت یہ چوتھی بڑی کارروائی ہے۔ پنجاب رینجرز نے گزشتہ روز منڈی بہاؤالدین کے دریائی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا، جبکہ بیس جون کو آپریشن ردالفساد کے تحت اسلام آباد اور منڈی بہاؤالدین میں کارروائی کرتے ہوئے سات مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا۔
ایسی ہی ایک اور کارروائی مورخہ 19 جون کو کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے علاقوں میں کی گئی تھی جس میں دہشتگردوں کے آٹھ مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا تھا جن سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔
رینجرز انٹیلیجنس ذرائع نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مزید بھی کارروائیاں کی جائیں گی کیونکہ انٹیلیجنس رپورٹ کے مطابق انتہا پسند عیدالفطر پر دہشتگردی کی کارروائی کر سکتے ہیں۔