پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز جمعرات ملک میں پہلا روزہ ہوگا۔
چاند نظر آنے کا اعلان کراچی میں سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ قبل ازیں کمیٹی کے اجلاس میں زیریں سندھ اور بلوچستان سے موصول ہونے والی رویتِ ہلال کی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
تاہم اس بار بھی پاکستانی قوم کی ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کی تمنا پوری نہ ہوسکی اور کئی نیم خود مختار قبائلی علاقوں (فاٹا) اور افغانستان سے ملحقہ دیگر سرحدی علاقوں میں خلیجی ریاستوں کے ساتھ آج بروز بدھ پہلا روزہ رکھا گیا۔ مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے مقامی علماء نے منگل کے روز رویتِ ہلال کا اعلان کرتے ہوئے قبائلی علاقوں میں بدھ کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ سعودی عرب سمیت بیشتر خلیجی ریاستوں میں بھی آج پہلا روزہ رکھا گیا۔
ماضی میں پاکستان میں رمضان اور شوال کی رویتِ ہلال تنازعہ کا باعث بنتی رہی ہے اور خیبر پختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلوں سے اختلاف کیا جاتا رہا ہے۔