ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

رافیل نڈال نے اپنے 23 سالہ کریئر میں 22 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیے۔

وہ ریکارڈ 14 مرتبہ فرینچ اوپن بھی جیت چکے ہیں۔

گزشتہ دو سیزن میں انجری کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا رہا۔

ریٹائرمنٹ واقعی ایک مشکل فیصلہ ہے جس میں انہیں کچھ وقت لگا: رافیل نڈال

ویب ڈیسک -- ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ڈیوس کپ فائنلز کھیل کر ریٹائر ہو جائیں گے۔

اسپین سے تعلق رکھنے والے رافیل نڈال نے جمعرات کو ایک ویڈیو پیغام میں اپنے ٹینس کریئر کو خیر باد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ کچھ سال بالخصوص آخری دو سال ان کے لیے مشکل رہے ہیں۔

ان کے بقول انہیں نہیں لگتا کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے کھیلنے کے قابل ہوں گے۔

رافیل نڈال نے 2005 سے 2022 کے دوران 22 گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کیے۔ ان میں 14 مرتبہ ریکارڈ فرینچ اوپن ٹائٹل جیتنا بھی شامل تھا۔

فرینچ اوپن میں ریکارڈ کامیابی کی وجہ سے انہیں 'کنگ آف کلے' بھی کہا جاتا ہے۔

اپنے 23 سالہ کریئر کے دوران نڈال اور انجریز کا بھی ایک گہرا تعلق رہا اور 2023 میں انہیں کولہے کی سرجری سے بھی گزرنا پڑا۔

رافیل نڈال کہتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ واقعی ایک مشکل فیصلہ ہے جس میں انہیں کچھ وقت لگا۔ لیکن ان کے بقول زندگی میں ہر چیز کا آغاز اور اختتام ہوتا ہے۔

نڈال گزشتہ دو سیزن سے فٹنس مسائل کی وجہ سے مشکلات کا شکار نظر آئے اور کبھی کبھار ہی مقابلہ کرتے نظر آئے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق انہوں نے گزشتہ دو سیزن میں صرف 23 میچز ہی کھیلے۔

SEE ALSO: سال 2024 میں اسپورٹس کے بڑے ایونٹس کب اور کہاں منعقد ہوں گے؟

گزشتہ برس کولہے کی سرجری کے باعث وہ آٹھ بڑے ٹورنامنٹس میں سے صرف دو میں ہی شامل ہوئے۔

اب رافیل نڈال آئندہ ماہ ڈیوس کپ فائنلز کھیل کر اس کھیل سے ریٹائرمنٹ ہونا چاہتے ہیں۔

ڈیوس کپ فائنل آٹھ کا مرحلہ 19 سے 24 نومبر تک اسپین میں کھیلا جائے گا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔