پاکستانی گلوکارہ اور اداکارہ رابی پیرزادہ نے شو بزنس کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ نے لکھا ہے کہ "میں رابی پیرزادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔
'سیو اے سول' کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ نے قرآن کی آیت "وَتُعِزُّ مَنْ تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَنْ تَشَاءُ" بھی تحریر کی ہے۔
میں رابی پیرذادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں ۔ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے۔ اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔ وَتُعِزُ مَن تَشَاء وَتُذِلُ مَن تَشَاء#SaveaSoul
— Rabi Pirzada (@Rabipirzada) November 4, 2019
گزشتہ ہفتے رابی پیرزادہ کی بعض ذاتی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی تھیں جس کے بعد سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار اور پریشانی میں مبتلا تھیں اور انہوں نے اس کا بارہا اظہار بھی کیا تھا۔
رابی پیرزادہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں درج کرائی جانے والی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنا موبائل کسی خرابی کی وجہ سے اسی کمپنی کو واپس کیا تھا جس سے انہوں نے یہ فون خریدا تھا۔
رابی کے بقول انہوں نے اپنی ذاتی ویڈیوز اور فوٹوگراف موبائل فون سے حذف کردی تھیں لیکن بعد میں کسی نے وہ ریکور کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں۔
دو روز قبل بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ نے لکھا تھا کہ "جو بندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرے گا، اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔''
#SaveaSoul%27%27جوبندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کریگا اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔%27%27#RabiPeerzada
— Rabi Pirzada (@Rabipirzada) November 2, 2019
رابی پیرزادہ نے 2004 میں شو بزنس کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ وہ گلوکارہ بننے کا خواب آنکھوں میں سجائے شوبز میں آئی تھیں اور گلوکاری سے ہی انہوں نے اپنی فنی کیرئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے اپنے پرستاروں کو متعدد مقبول گیت دیے۔ پھر اداکاری کی دنیا میں جوہر دکھانے کا فیصلہ کیا اور یہاں بھی خاصی کامیاب رہیں۔
گلوکاری اور اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی خود کو بہت فعال رکھا تھا جہاں وہ مختلف سماجی مسائل پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتی آئی ہیں۔
حال ہی میں رابی پیرزادہ نے پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی ایک ٹوئٹ پر بھی تنقید کی تھی جس میں انہوں نے 'آئی ایس پی آر' کے تعاون سے تیار ہونے والی ایک فلم میں آئٹم سانگ شامل کرنے کا دفاع کیا تھا۔
Seriously disappointing, @OfficialDGISPR we all make mistakes but never refuse to admit it or explain it like this 🙄#chotisibaat pic.twitter.com/2SQHJPtSaz
— Rabi Pirzada (@Rabipirzada) October 31, 2019
گزشتہ ماہ رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر سانپ، اژدھوں اور مگرمچھوں کے ساتھ بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
اس ویڈیو پر پنجاب کے محکمۂ جنگلی حیات نے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔