بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعہ کو ایک مسافر گاڑی پر فائرنگ سے کم از کم دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گاڑی کوئٹہ سے مچھ جا رہی تھی کہ سریاب روڈ کے علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
دریں اثناء بلوچستان میں ہی ریموٹ کنڑول بم دھماکے سے فرنیٹیئر کور کی گاڑیوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں دو اہلکار زخمی جب کہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
پاکستان کے اس جنوب مغربی صوبے کے علاقے مستونگ میں رواں ہفتے شیعہ زائرین کی بس پر فائرنگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جس کے بعد پولیس نے درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کر رکھی ہے۔