کراچی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ’پی ٹی ایم‘ کو ریلی کی اجازت

فائل

کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کو کراچی میں جلسے کے لئے بالآخر اجازت دے دی ہے۔ جلسے کی اجازت کے لئے باقاعدہ این او سی ڈپٹی کمشنر آفس ضلع شرقی کراچی نے جاری کردیا ہے۔

پشتون تحفظ موومنٹ کو الآصف اسکوائر سہراب گوٹھ پر جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سے قبل موومنٹ کے قائدین نے باغ جناح مزار قائد کے سامنے جلسے کا اعلان کر رکھا تھا، لیکن اس بارے میں کوئی اجازت نامہ انتظامیہ کی جانب سے نہیں دیا گیا تھا۔

’این او سی‘ پشتون تحفظ موومنٹ کی کور کمیٹی کے ارکان کو جاری کیا گیا ہے جس میں کل 16 شرائط رکھی گئی ہیں۔

انتطامیہ نے شرط رکھی ہے کہ جلسے کے دوران نظریہ پاکستان، ریاست، آئین اور کسی بھی مذہب کے خلاف کوئی بات نہیں کی جائے گی۔ اسی طرح کوئی ایسی تقاریر نہیں کی جائیں گی جس سے لسانی، فرقے واریت یا دیگر منافرت پر مبنی ہو۔

انتطامیہ نے حکم دیا ہے کہ جلسے کے دوران اسلحے کی نمائش کی بالکل اجازت نہیں ہوگی، جبکہ کسی بھی سیاسی و مذپبی جماعت کے پرچموں کی بھی توہین نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے مزید ہدایت کی ہے کہ جلسے کے دوران کسی قسم کی بدنظمی، ٹریفک جام اور شہریوں کو تکلیف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جبکہ جلسے کی اندرونی سیکورٹی کی ذمہ داری جلسہ منتظمین کے ذمے لگائی گئی ہے۔ انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ جلسہ ہر صورت شام ساڑھے چھ سے قبل ختم کرلیا جائے۔

اس سے قبل پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماوں نے الزام عائد کیا ہے کہ جلسے سے قبل ان کے درجنوں کارکنوں کو پولیس اور رینجرز نے گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ تحریک کے سربراہ منظور پشتین کو اسلام آباد سے کراچی کے فضائی سفر کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔

تیرہ مئی ہی کو سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت نے بھی جلسے کا اعلان کررکھا ہے جو کراچی کے نشتر پارک میں ہو رہا ہے۔