پی ٹی آئی رہنما بھی مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شامل

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سید حفیظ الدین بھی ’پاک سر زمین پارٹی‘ میں شامل ہوگئے۔ تاہم، مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ’’کسی کو خطرہ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے، مستقبل میں ہمارے کارکنان بھی کسی دوسری پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں‘‘

کراچی کے سابق ناظم مصطفیٰ کمال کی ’پاک سرزمین پارٹی‘ نے متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ ساتھ اب پاکستان تحریک انصاف سے ناراض رہنماؤں کو بھی اپنی پارٹی میں شامل کرنا شروع کردیا ہے۔

جمعہ کو پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سید حفیظ الدین بھی ’پاک سر زمین پارٹی‘ میں شامل ہو گئے۔ تاہم، مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ’’کسی کو خطرہ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مستقبل میں ہمارے کارکنان بھی کسی دوسری پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں جیسا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حفیظ الدین نے کیا‘‘۔

کمال ہاؤس میں حفیظ الدین نے مصطفیٰ کمال کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چھوڑنے اور پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس دوران انہوں نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’عمران ناتجربہ کار اور عاقبت نااندیش دوستوں میں گھرے ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی کراچی میں اپنی مقبولیت کھو رہی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسمبلی اور پی ٹی آئی سے استعفیٰ دے کر مصطفیٰ کمال کے ہاتھ مضبوط کرنے آئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر حفیظ الدین کے پارٹی چھوڑنے پر خود پی ٹی آئی مبارکباد کی مستحق ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما امجد الله نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ کر ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ وہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 7اپریل کو ہونے والی پولنگ سے کچھ گھنٹے پہلے ہی متحدہ سے جا ملے تھے۔