اسلام آباد پولیس سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جاسوسی کرنے والے مبینہ ملزم سے تفتیش کر رہی ہے۔ ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ گزشتہ چھ برس سے عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا میں ملازمت کر رہا تھا۔
معاملہ یہ ہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنما شہباز گل نے اتوار کو میڈیا نمائندوں کے سامنے ایک نوجوان کو پیش کیا جس کا چہرہ تولیے سے ڈھانپا گیا تھا۔
شہباز گل نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ شخص گزشتہ چھ برس سے عمران خان کا ملازم ہے اور اس نے ایک جدید قسم کا آلہ سابق وزیرِ اعظم کے گھر میں نصب کر رکھا تھا۔ ان کے بقول یو ایس بی کی شکل کے آلے میں حساس مائیک لگا ہوا ہے اور ڈیوائس کمرے میں ہونے والی گفتگو کو محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
مبینہ ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے کے دوران شہباز گل کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نے اسے معاف کر دیا ہے اور اسے چھوڑا جا رہا ہے۔
بنی گالا کی جانب سے مدعو کیے جانے والے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مبینہ ملزم نے کہا کہ وہ ڈیوائس لگانے کے لیے آیا تھا لیکن پکڑا گیا اور اس نے پہلی مرتبہ یہ کام کیا ہے۔
بعدازاں مبینہ ملزم کو صحافیوں کے ہمراہ بنی گالا سے روانہ کیا گیا۔
عمران خان کی جاسوسی کی ناکام کوشش کرنے والے ملازم کو عمران خان نے معاف کردیا- ملازم تقریبا چھ سال سے بنی گالہ میں کام کرتا تھا- @SHABAZGIL pic.twitter.com/3MKsub2PeH
— PTI (@PTIofficial) June 26, 2022
عمران خان کی جاسوسی کا معاملہ ملزم کو چھوڑنے پر ہی ختم نہیں ہوا بلکہ کہانی میں اس وقت دلچسپ موڑ آیا جب اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں مختلف دعوے کیے۔ جب کہ ملزم کو جاسوسی کے الزام میں منہ ڈھانپ کر میڈیا کے سامنے پیش کرنے اور پھر معاف کر کے چھوڑنے تک کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق "مقامی ٹی وی چینل 'اے آر وائی' کے رپورٹر نے ایک شخص کو پولیس کے حوالے کیا جو ٹھیک طرح سے بات نہیں کرسکتا جس کی وجہ سے اس شخص کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔ تاہم اس شخص کی جسمانی اور دماغی حالت جاننے کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کرایا جائے گا۔"
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حوالے کیے جانے والے شخص کو ایک روز سے بنی گالا ہاؤس میں گرفتار رکھا گیا تھا۔ تاہم پولیس تفتیش کر رہی ہے اور جلد حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کو بنی گالہ ہاؤس میں تعینات ملازمین کی لسٹ ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔ملازمین کی لسٹ دینے کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے عمران خان سے متعدد بار درخواست کی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے بنی گالہ ہاؤس میں کام کرنے والےملازمین کی شناخت ایک چیلنج ہے۔1/2
— Islamabad Police (@ICT_Police) June 26, 2022
اسلام آباد پولیس کے مطابق بنی گالا ہاؤس میں تعینات ملازمین کی لسٹ دینے کے حوالے سے پولیس نے عمران خان سے متعدد بار درخواست کی لیکن یہ لسٹ اب تک فراہم نہیں کی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بنی گالا ہاؤس میں کام کرنے والے ملازمین کی شناخت ایک چیلنج ہے۔
دوسری جانب شہباز گل نے پیر کو اسلام آباد پولیس کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کہتی ہے کہ جس ملازم کو جاسوسی میں استعمال ہونے پر نکالا گیا اس کا دماغی توازن درست نہیں لیکن اس کو بولتے ہوئے سب نے سنا ہے اور میڈیا کے لوگوں سے اس کی تفصیل سے بات بھی ہوئی ہے۔
شہباز گل نے پولیس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا اکاؤنٹ اس وقت (ن) لیگ کا میڈیا سیل بنا ہوا ہے۔
اسلام آباد پولیس فرما رہی ہے کہ آج جس ملازم کو جاسوسی میں استعمال ہونے پر نکالا گیا اس کا دماغی توازن درست نہیں ہے۔حد ہے بے شرمی کی۔اس کو بولتے تو سب نے سن لیا۔ میڈیا کے لوگوں کی اس سے تفصیل سے بات ہوئی۔ اسلام آباد پولیس کا اکاؤنٹ اس وقت ن لیگ کا میڈیا سیل بنا ہوا ہے۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) June 26, 2022
حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیرِ اعظم کی جاسوسی کرنے والے مبینہ ملزم کے میڈیا کے سامنے پیش کرنے پر کہتے ہیں کہ شہباز گل کی فلاپ فلمیں عمران خان کو نقصان پہنچائیں گی۔
شہباز گل کی فلاپ فلمیں عمران خان کی بینڈ بجائیں گی
— Shahid Khaqan Abbasi (@Shahid_Abbasi_1) June 26, 2022
اینکرپرسن وجیہ ثانی نے سوال اٹھایا کہ مبینہ جاسوس کو اے آر وائی کے رپورٹر نے پولیس کے حوالے کیوں کیا، شہباز گل یا تحریکِ انصاف کے کسی دوسرے رہنما نے یہ کیوں نہیں کیا؟ انہوں نے کہا کہ صحافی کو خبر کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔
اے آر وائی کے رپورٹر نے پولیس کےحوالے کیا ہے؟؟شہباز گل یا کسی دوسرے تحریک انصاف کے رہنما نےکیوں نہیں۔ پارٹی کے کسی لائر یا ترجمان نے کیوں نہیں۔صحافی کو خبر کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔ https://t.co/8XhAfd9iwk
— Wajih Sani (@wajih_sani) June 26, 2022
ایک ٹوئٹر صارف مبینہ جاسوس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس پر تبصرہ کرتے ہیں کہ بات امریکی سازش سے ہوتی ہوئی تولیے والے بھائی تک آ پہنچی ہے۔
بات امریکی سازش سے ہوتی ہوتی تولیے والے بھائی تک آپہنچی ہے pic.twitter.com/dQD8KSoocp
— Saadify (@saadify) June 26, 2022