کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مسلسل دوسری کامیابی

اس جیت کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز تاحال پہلی کامیابی کی منتظر ہے۔
پاکستان سپرلیگ کے ایک میچ میں رائیلی روسوؤ اور سرفراز احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا،
اس جیت کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز تاحال پہلی کامیابی کی منتظر ہے۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کیلئے 160 رنز کاہدف دیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو ابتداہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، احمد شہزاد 11، کیون پیٹرسن صفر اور اسد شفیق 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 30 رنز تھا۔
سرفراز احمد نے روسوؤ کے ساتھ مل کر اننگزکو پراعتماد انداز میں آگے بڑھایا اور کراچی کنگز کے بولز کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا،
دونوں بیٹسمینوں نے کھل کو وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے اور آہستہ آہستہ میچ کو اپنے کنٹرول میں کرلیا۔ چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 130 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا، پاکستان سپرلیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کسی بھی وکٹ کیلئے طویل ترین جبکہ پی ایس ایل کی دوسری بڑی پارٹنرشپ ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 160رنز 19 اعشاریہ ایک اوورز میں حاصل کیا، رائیلی رؤسوؤ نے 76 اور سرفراز احمد نے 56 رنز بنائے۔ روسوؤ کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
کراچی کنگزکی جانب سے سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کراچی کنگز کی طرف سے شاہ زیب حسن اور کرس گیل نے اننگز کا آغاز کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شاہ زیب حسن کی وکٹ کی صورت میں جلد کامیابی ملی، انہیں 19 کے انفرادی اسکور پر ملزنے پویلین کی راہ دکھائی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسری وکٹ کیلئے بھی زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا، کرس گیل اس میچ میں بھی متاثرکن پرفارمنس نہ دکھا سکے اور صرف 10رنز بناکر پریرا کا شکار ہوگئے۔
سنگا کارا اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 44 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 79 تک پہنچا دیا لیکن تیزی سے اسکور کرنے کی کوشش میں سنگاکارا پریرا کی گیند پر حسن خان کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 22 گیندوں پر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پولارڈ 7 گیندوں پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور اسکور میں تیزی سے اضافہ کرنے کی کوشش میں 15رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔
اس دوران بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن بدقسمتی سے ایک مشکل رن لینے کی کوشش میں وکٹ دے بیھٹے۔ روی بوپارا نے 16 رنز بنائے۔ اس طرح کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 159 رنز بنا سکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے تھیسارا پریرا 34 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے، تیمال ملز نے 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل
ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں دو، دو میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، جبکہ پشاور زلمی، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 2،2 پوائنٹس ہیں۔ کراچی کنگز نے اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔
اتوار کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔