پی ایس ایل کےٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع

فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شارجہ اور ابوظہبی میچز کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی ہے۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق دبئی اور پاکستان میں میچز کے ٹکٹس سے متعلق تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جبکہ دبئی، شارجہ، ابوظہبی، لاہور اور کراچی کے باکس آفس ٹکٹس کے بارے میں تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔

شارجہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے آٹھ میچز کھیلے جائیں گے، شارجہ جسے سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل ہے یہاں 2016ء میں لیگ کے آغاز سے پی ایس ایل کے مسلسل میچز کھیلے جارہے ہیں۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ایونٹ کا پہلا میچ بدھ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا جبکہ جمعرات 21 فروری کو اسی گراؤنڈ پر پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آنے سامنے ہوں گی۔

جمعہ 22 فروری کو دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ،پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔

ہفتہ 23 فروری کو ہونے والے دو میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ، لاہور قلندرز سے ہو گا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اتوار 24 فروری کو پہلے میچ میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی جبکہ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پہلی بار پی ایس ایل کے میچز4 اور 5 مارچ کو کھیلے جائیں گے، پیر 4 مارچ کو افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔