بچوں کی تحویل کا تاریخ کا سب سے ’بھاری تصفیہ‘: دبئی کے حاکم سابقہ اہلیہ کو 73 کروڑ ڈالرز ادا کریں گے

شیخ محمد بن راشد المکتوم۔ 22 جنوری، 2019 (فائل فوٹو)

برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ہائی کورٹ نے دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم کو بچوں کی تحویل کے مقدمے میں اپنی سابقہ اہلیہ کو اپنے دو بچوں کی کفالت کی مد میں 544 ملین پاؤنڈ (73 کروڑ امریکی ڈالر) ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

ہائی کورٹ کے جج، فلپ مور کے مطابق اس رقم کے ذریعے ان کے بچوں کے اخراجات کے علاوہ شہزادی حیا اور ان کے بچوں کی زندگی بھر کی حفاظت ممکن بنائی جائے گی، کیونکہ ان کے الفاظ میں ’’ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ان کے شوہر مختلف ہتھکنڈوں سے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کر چکے ہیں''۔

جج کے مطابق دبئی کے شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سابقہ اہلیہ نے اپنے لئے کوئی رقم نہیں مانگی۔ انہوں نے اس شادی کے ٹوٹنے کے نتیجے میں ان سے جو جائیداد چھن گئی تھی اس کا مالی ازالہ کئے جانے کی گزارش کی اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے رقم کا مطالبہ کیا۔

SEE ALSO: امیر دبئی کی مفرور اہلیہ کی سیاسی پناہ کی درخواست

ڈھائی سو ملین پاؤنڈ پر مشتمل اس سلسلے کی پہلی قسط شیخ محمد بن راشد المکتوم کو اگلے تین ماہ کے اندر ادا کرنا ہوگی۔ یہ رقم شہزادی حیا کے برطانیہ میں گھروں کی دیکھ بھال اور سکیورٹی انتظامات سمیت ان کے زیورات، جن کی مالیت دو کروڑ پاؤنڈ بتائی جا رہی ہے اور دوڑ میں شامل ہونے والے گھوڑوں کے معاوضے کے طور پر دی جائے گی۔

عدالت نے دبئی کے امیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم اور نائب صدر کو اپنی چودہ سالہ بیٹی جلیلہ اور نو سالہ بیٹے زائد کی تعلیم کے سلسلے میں مزید تین ملین پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ ساتھ ہی انہیں بچوں کی والدہ کو ان کی تعلیم پر اٹھنے والے اب تک کے اخراجات کی مد میں مزید 9.6 ملین پاؤنڈ دینے ہو نگے۔ بچوں کی دیکھ بھال کی مد میں والد کو ہر سال ایک کروڑ پاؤنڈ سے زیادہ رقم ادا کرنے کا پابند بھی کیا گیا ہے۔

ان ادائیگیوں کو ایچ ایس بی سی بینک کی دو کروڑ نوے لاکھ پاؤنڈ کی سکیورٹی کی ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔

لندن کے بعض وکلاء کے مطابق برطانوی فیملی کورٹ کی جانب سے بچوں کی تحویل کے کیس میں تصفیے کے طور پر عدالت کی جانب سے لازم کی گئی یہ تاریخ کی سب سے بڑی رقم ہے۔ تاہم، یہ یاد رہے کہ شہزادی حیا نے اس سلسلے میں 1.4 ارب پاؤنڈ کا مطالبہ کیا تھا۔

Your browser doesn’t support HTML5

دبئی کے حکمران نے اہلیہ کے فون کی جاسوسی کروائی، برطانوی عدالت

عدالت میں شہزادی حیا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے لئے آزادی چاہتی ہیں، جسے ایک بڑی رقم کی قسط حاصل کرکے اسے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

اردن کے شاہ حسین کی بیٹی اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سابقہ اہلیہ شہزادی حیا سال 2019 میں فرار ہو کر برطانیہ آگئی تھیں اور اس کے بعد طلاق کا مطالبہ کر دیا تھا۔

شہزادی حیا کے مطابق ان کے سابق شوہر نے نہ صرف ان کی جاسوسی کرنے کے لئے لندن میں ان کے گھر کے انتہائی نزدیک جائداد خریدی بلکہ ان کے اور ان کے وکلا کے فونز بھی ہیک کرائے جس کی وجہ سے وہ خود کو اور اپنے بچوں کو انتہائی غیر محفوظ سمجھتی ہیں۔ عدالت پہلے ہی ان کے الزامات کے درست ہونے کی تصدیق کر چکی ہے۔

(خبر کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)