صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں عام انتخابات کے معاملے پر مشاورت کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو 20 فروری کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدرِ پاکستان نے سیکشن 57 کے تحت چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر انتخابات کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی دعوت دی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدرِ پاکستان سیکشن 57 کے تحت عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کمشنر سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
صدرِ پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں صدرِ پاکستان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر اظہارِ ناراضگی کیا ہے۔
صدرِ پاکستان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تاحال صدرِ پاکستان کے پہلے خط کا جواب نہیں دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط صدر مملکت کی چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت صدر مملکت کی سکندر سلطان راجہ کو 20 فروری 2023 کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کے لیے دعوت
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) February 17, 2023
اُن کا کہنا تھا کہ میں بے چینی سے جواب کا انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔
خیال رہے کہ ایک ہفتےقبل بھی صدرِ پاکستان نے ملک میں عام انتخابات پر مشاورت کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا۔
اس خط کے بعد الیکشن کمیشن نے مشاورت کی تھی اور انتخابات کے لیےپولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی دستیابی کے حوالے سے بھی صورتِ حال کا جائزہ لیا تھا۔
جمعرات کو ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا تھا کہ حکومت پیسے جب کہ فوج سیکیورٹی دینے کے لیے تیار نہیں، ایسے میں وہ شفاف انتخابات کیسے کرائیں؟