پیپلز پارٹی کا 26 اپریل کو لیاری میں جلسہ عام کا اعلان

جلسہ ککڑی گراوٴنڈ لیاری میں ہوگا، اور اس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری بھی شرکت کریں گے

کراچی میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی ریلیوں اور جلسوں کے بعد، اب پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی جلسے کا اعلان کر دیا ہے۔

تاہم، یہ جلسہ کسی انتخابی سرگرمی کا حصہ نہیں ہوگا۔ ویسے بھی یہ جلسہ پولنگ کے تین دن بعد لیاری میں ہوگا۔

جلسے کے انعقاد کا اعلان سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے بدھ کی سہ پہر وزیراعلیٰ ہاوٴس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسہ 26 اپریل کو ککڑی گراوٴنڈ لیاری میں ہوگا اور اس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری بھی شرکت کریں گے۔

شہر قائد کی ایک قدیم بستی ’لیاری‘ پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے؛ اور ایک عرصے سے لیاری کی نشست پیپلز پارٹی ہی جیتی آئی ہے۔ پیپلز پارٹی یہاں کے باسیوں کے لئے ماضی میں بھی ترقیاتی کاموں اور نئے منصوبوں کا اعلان کرتی رہی ہے۔

بدھ کی پریس کانفرنس میں بھی وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کا خاص طور سے ذکر کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت عنقریب لیاری میں مزید نئے مصوبے شروع کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ لیاری کا اب بھی پسماندہ علاقوں میں ہی شمار ہوتا ہے،۔ جہاں نہ تعلیم ہے نہ صحت کی سہولیات۔ اس لئے، بقول اُن کے، لیاری میں جلد نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔