پوپ فرانسس نے وسطی امریکہ سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں تنہا پہنچنے والے ہزاروں تارکین وطن بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
یہ بات انھوں نے ایک خط میں کہی جو میکسیکو سٹی میں ویٹیکن کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں پڑھ کر سنا گیا۔
پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ان بچوں کا خیر مقدم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول یہ بچے تشدد اور غربت کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑ کر جب امریکہ کی سرحد پر پہنچتے ہیں تو انھیں نسلی امتیاز اور غیر ملکیوں کے لیے نفرت کے جذبات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پوپ نے عالمی برادری سے درخواست کی کہ وہ لاطینی امریکہ میں ترقی کے فروغ کے لیے اقدام کریں جب کہ وطن ترک کرنے والے بچوں تک یہ پیغام پہنچائیں کہ اکیلے سفر کرنا انتہائی خطرناک ہے۔
امریکہ میں دونوں جماعتوں کے قانون ساز کانگریس میں ایک ایسے بل پر رائے شماری کا مطالبہ کر رہے ہیں جس میں غیر قانونی تارکین وطن کے دستاویزی امور کے لیے فنڈز بڑھانے کا کہا گیا ہے۔