نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے الیکشن شیڈول جاری

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی اتوار 30 جولائی کو 3 بجے سہ پہرسے سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

قومی اسمبلی سکریٹریٹ نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا ہے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی اتوار 30 جولائی کو 3 بجے سہ پہرسے سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی وصولی پیر 31 جولائی کو دوپہر تک وصول کیے جائیں گے۔

ا سپیکر قومی اسمبلی اسی روز یعنی 31 جولائی کو تین بجے سہ پہرتک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے۔

یکم اگست بروز منگل 3 بجے قومی اسمبلی میں وزیراعظم پاکستان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

اس کے لئے صدر مملکت ممنون حسین نے ہفتے کو جاری کئے گئے بیان میں پہلے ہی قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم کے لئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے مقابلے میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طور پر شیخ رشید کا نام پیش کیا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیراعظم کے لئے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے لایا جائے۔

ادھر مشترکہ امیدوار سامنے لانے کے لئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے سیاسی رابطے بڑھانے شروع کر دیئے ہیں۔