کولمبیا میں ایک ہوائی جہاز گر کر تباہ ہو گیا ہے جس پر برازیل کے ایک فٹبال کلب کے ارکان سمیت 81 افراد سوار تھے۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں صرف چھ افراد زندہ بچ سکے ہیں اور دیگر تمام جان کی بازی ہار گئے۔
یہ خصوصی طیارہ جنوبی برازیل سے کولمبیا کے شہر میڈیلن جا رہا تھا کہ پیر کو دیر گئے منزل سے کچھ دور ہنگامی حالت کا شکار ہو کر ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
محکمہ ہوا بازی کے حکام کا کہنا ہے کہ بولیویا کی ایک کمپنی "لامیا" کا طیارہ جسے اس سفر کے لیے خاص طور پر حاصل کیا گیا تھا، جنوبی برازیل سے شافاکوونس فٹ کلب کے کھلاڑیوں کو لے کر میڈیلن کے لیے روانہ ہوا۔
طیارے پر 72 مسافر اور عملے کے نو ارکان سوار تھے ۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق طیارے میں سوار افراد میں کم سے کم 20 صحافی تھے۔ طیارے نے بولیویا کے سانتا کروز میں مختصر قیام کے بعد منزل کی طرف دوبارہ اڑان بھری۔
حکام کے مطابق پیر کی رات دس بجے کے قریب طیارے سے ہنگامی حالت کا سنگل دیا جو کہ اس کے برقی نظام میں خرابی کے باعث پیدا ہوئی۔
امدادی ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوع کی طرف روانہ کر دیا گیا۔
فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر بھی جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا گیا تھا لیکن وہ حدنگاہ کم ہونے کی وجہ سے واپس آگیا۔
برازیلین فٹ بال کے کھلاڑیوں نے میڈیلن میں وہاں کی ٹیم کے خلاف بدھ کو میچ کھیلنا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ یہی طیارہ رواں ماہ کے اوائل میں ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم کو برازیل لے کر آیا تھا۔