حکومتِ پاکستان نے مسجدِ نبوی کے احاطے میں وفاقی وزرا کے خلاف نعرے بازی اور اُنہیں ہراساں کرنے والوں کے خلاف سعودی حکومت سے کارروائی کی درخواست کر دی ہے۔
جمعے کو وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تو سعودی عرب میں ہوا، لیکن اس سے کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے، لہذٰا وہ سعودی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نعرہ بازی کرنے والوں کی شناخت کر کے انہیں ڈی پورٹ کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ سعودی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ مسجدِ نبوی میں نعرے بازی کرنے والوں کی فوٹیجز حکومتِ پاکستان کو فراہم کی جائیں، تاکہ ان کی شناخت کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
بڑے پیمانے پر قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، وزارتِ داخلہ (@KSAMOFA) سعودی عرب سے مدینہ منورہ واقعے پر کارروائی کی درخواست کرے گی، شناخت کر کےانکو Deport کیا جائے، سعودی حکام سے درخواست کریں گے کہ ملوث افراد کی CCTV فوٹیجز ہمیں بھی بھیجیں تاکہ انکی شناخت کی جائے اور Prosecute کریں۔
— Rana SanaUllah Khan (@RanaSanaullahPK) April 29, 2022
ڈائریکٹر انفارمیشن سعودی سفارت خانہ فواد العثمین کاکہنا ہےکہ مسجد نبوی کی بے حرمتی پر کچھ افراد کو حراست میں لینے کی کارروائی کی گئی جس میں کچھ پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
جمعرات کو پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کابینہ کے بعض ارکان کے مسجدِ نبوی پہنچنے پر وہاں موجود افراد نے چور چور، غدار غدار اور شیم شیم کے نعرے لگائے تھے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور کئی حلقوں کی جانب سے اس عمل کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
مسجدِ نبوی کے احاطے میں نعرے بازی کا یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر برائے انسدادِ منشیات شاہ زین بگٹی جب مسجد نبوی کے احاطے میں پہنچے تو لوگوں کا جمِ غفیر اپنے اپنے موبائل فونز سے ان کی ویڈیوز بناتا رہا۔ اس موقع پر بعض افراد نے چور چور کے نعرے لگائے۔
ایک شخص شاہ زین بگٹی کے بال نوچ کر فرار ہو گیا جب کہ مریم اورنگزیب مشتعل ہجوم کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلا کر دیتی رہیں۔
مسجدِ نبوی میں اس طرح کی نعرے بازی کو سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی جانب سے مقدس مقام کی توہین قرار دیا جا رہا ہے جب کہ پاکستان میں ٹوئٹر پر 'توہین مسجدِ نبوی نامنظور' کا ہیش ٹیگ بھی ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔
نامور مبلغ مولانا طارق جمیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "مسجدِ نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔"
آج مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ہے، اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ #توہین_مسجد_نبوی_نامنظور
— Tariq Jamil (@TariqJamilOFCL) April 28, 2022
مولانا طاہر اشرفی نےبھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک سو سال میں اس مقدس جگہ پر بے ہودگی اور بدتمیزی نہیں ہوئی۔ جو شرمساری ہے وہ ناقابلِ بیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی اختلاف کی بنیاد پر حرمِ پاک کی توہین کی گئی،ان کی تمام علمائے کرام اور آئما کرام سے اپیل ہے کہ مسجدِ نبوی میں پیش آنے والے واقعے پر سخت احتجاج کریں اور پاکستان کے اندر جن لوگوں نے اس وائرس کو ابھارا ہے حکومت ان کے خلاف ایکشن لے۔
تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ لوگ حکومت میں ہیں جب انہیں ایوانوں سے ٹھڈے مار کر نکال باہر کریں گے تو پھر یہ گھروں سے کیسے باہر نکلیں گے۔
اور ابھی یہ لوگ حکومت میں ہیں جب لوگ ان کو ایوانوں سے ٹھنڈے مار کر نکال باہر کریں گے پھر یہ گھروں کیسے باہر نکلیں گے؟ #امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/hABS57ugUM
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 28, 2022
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنی کابینہ کے بعض وزرا کے ہمراہ تین روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے مسجدِ نبوی کے احاطے میں نعرے بازی کے واقعے کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ "میں اس شخص کا پاک زمین پر نام نہیں لوں گی کیوں کہ وہ اس زمین کو سیاست کے لیے استعمال کرنا نہیں چاہتیں۔ لیکن انہوں نے اس معاشرے میں جو تباہی کی جو یہ آج اس طرح کی بدتمیزی اور رویے۔ لیکن بہت سا معاشرہ یا ایسا حصہ اور طبقہ موجود ہے جو اب بھی ہماری تمام روایات اور کلچر کی اہمیت کو جانتا ہے۔"
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے کارکن یہاں آئے تھے اور انہیں ہدایت جاری کی گئی تھی کہ انہیں دیکھتے ہوئے مکہ اور مدینہ کے احاطے میں کسی قسم کی بدتمیزی نہ کریں۔
میں اس شخص کا نام اس پاک زمین پر نہیں لوں گیمریم اورنگزیب #توہین_مسجد_نبوی_نامنظور pic.twitter.com/Vddq0Zri1u
— Nadeem Siddiqui 🇵🇰🐅🦁 (@nsiddiqui366) April 28, 2022
وفاقی کابینہ کے رکن محسن داوڑ نے اپنی ٹوئٹ میں مسجدِ نبوی میں ہونے والے واقعے کو تحریکِ انصاف کے کارکنوں کا منصوبہ بندی سے حکومتی رہنماؤں کے ساتھ گالم گلوچ کا شرمناک واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ ان کے بقول یہ رویہ سیاسی و سماجی کلچر کی تنزلی کو ظاہر کرتا ہے۔
محسن داوڑ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا واقعہ آپ کے بدترین اختتام کا آغاز ثابت ہو گا۔
مسجدنبوی میں تحریک انصاف کےکارکنوں کا منصوبہ بندی سےحکومتی رہنماوں کے ساتھ گالم گلوچ کا شرمناک واقعہ انتہائ قابل مذمت ہے اور ہمارےسیاسی اور سماجی کلچر کے المناک تنرل کو ظاہر کرتا ہے۔عمران خان صاحب آج کا واقعہ اپ کے بدترین اختتام کا آغاز ثابت ہوگا۔
— Mohsin Dawar (@mjdawar) April 29, 2022
دوسری جانب تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے مریم اورنگزیب کے ویڈیو بیان پر کہا ہے کہ یہ عام پاکستانی ہیں جو اپنے غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم سماجی کارکن نگہت داد کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو پر شیریں مزاری نے کہا کہ یہ سمجھ لینا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے لوگ تحریکِ انصاف کے کارکن ہیں اس پر انہیں شرم آنی چاہیے۔
Get over your PTI hate! These are ordinary Pakistanis venting their anger at a bunch of crooks brought in thru a US regime change conspiracy abetted by the dark shadows that have also been harassing u btw! Shame on u for assuming it%27s only PTI that finds these crooks unacceptable https://t.co/Ss3JvMCpzW
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) April 28, 2022
تحریکِ انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ ری ٹوئٹ کی گئی جس میں ایک شخص کو دعویٰ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ نعرے بازی کا واقعہ مسجد نبوی کے احاطے میں نہیں بلکہ اس مقام پر پیش آیا ہے جہاں لوگ چپلیں پہن کر پھرتے ہیں۔
نون لیگی چوروں کی ایک بار پھر مسلمانوں کے جذبات جگا کر اپنی حمایت لینے کی ناکام کوششآج چور چور کے نعرے مسجد جاتے ہوئے راستے میں لگے نا کہ مسجد نبوی ﷺ کے احاطے میںعینی شاہد نے جگہ کی نشاندہی بھی کر دی #RevolutionBlackedOut#امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/op8GYLjKxw
— Azhar Mashwani (@MashwaniAzhar) April 28, 2022
سینئر صحافی ندیم ملک نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے گھر کی ایک حرمت ہے، کبھی روضہ رسول کے اوپر لکھی آیات کا مطلب پڑھا ہے۔
اللہ اور اس کے گھر کی ایک حرمت ہے ۔ کبھی روضہ رسول محمدﷺ کے اوپر لکھی آیات کا مطلب پڑھا ہے ؟ 1/2 pic.twitter.com/swyVaxGxmq
— Nadeem Malik 🇵🇰 (@nadeemmalik) April 28, 2022