فلپائن: کشتی الٹنے کے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی

فلپائن میں بحری حادثات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

فلپائن کے بحری حکام نے تصدیق کی ہے کہ گوئیمارز جزیرے کے قریب خراب موسم کے باعث تین کشتیاں الٹنے سے ہلاک ہونے والے کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق ہفتے کے روز پیش آنے والے واقعے میں تین کشتیوں پر سوار 96 افراد منزل مقصود کی جانب رواں دواں تھے کہ اچانک خراب موسم اور تیز ہوا کی زد میں آگئے۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ حادثات میں متعدد افراد کو بچا لیا گیا ہے تاہم تین مسافر ابھی بھی لاپتا ہیں۔ جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ حکام نے ہفتے کے روز 11 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک کشتی میں عملے کے پانچ ارکان سوار تھے جنھیں بچا لیا گیا ہے۔

فلپائن میں ہر سال ہزاروں افراد بحری حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہاں 7100 جزیرے ہیں جس کے باعث بہت سے لوگ بحری گزرگاہوں کے ذریعے آمدورفت کرتے ہیں۔

زندہ بچ جانے والے مسافروں نے حادثات سے متعلق بتایا کہ اچانک مطلع ابر آلود ہو گیا اور تیز ہوائیں چلنے لگیں۔ عملے نے کشتیوں کو بچانے کی بھرپور کوشش کی تاہم موسم کی شدت کے باعث یہ الٹ گئیں۔

حکام اس بات کی بھی تحقیق کر رہے ہیں دو کشتیاں الٹ جانے کے باوجود تیسری کشتی کو خراب موسم میں آگے جانے کی اجازت کیوں دی گئی۔

متحدہ عرب امارات کے جریدے گلف نیوز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں یو اے ای سے تعلق رکھنے والے اساتذہ بھی شامل ہیں۔