بھارت کی پرتھ ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، میزبان آسٹریلیا مشکلات سے دوچار

  • آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 104 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
  • پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بھارت نے دوسری اننگز میں بغیر کسی کے نقصان کے 172 رنز بنا لیے۔
  • اوپننگ بلے باز جیسوال 90 اور راہول 62 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
  • بھارت کو میزبان آسٹریلیا پر 218 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ویب ڈیسک بھارت نے پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 172 رنز بنا لیے ہیں اور اسے میزبان آسٹریلیا پر 218 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ہفتے کو کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو میزبان ٹیم اپنے مجموعی اسکور میں صرف 37 رنز کا ہی اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم 104 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

اس طرح بھارت کو آسٹریلیا پر 46 رنز کی سبقت حاصل ہوئی جو اپنی پہلی اننگز میں 150 رنز بنا سکی تھی۔

بھارتی اوپنرز یشوی جیسوال اور کے ایل راہول نے پُر اعتماد انداز میں دوسری اننگز کا آغاز کیا اور آسٹریلوی بالرز کے خلاف زبردست اننگز کھیلی۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بھارتی اوپنز نے 57 اوورز کھیل کر 172 رنز بنائے۔ جیسوال 90 اور راہول 62 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

جیسوال 90 اور راہول 62 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل بھارتی بالرز نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو ہوم سرزمین پر کھل کر کھیلنے نہ دیا۔ مچل اسٹارک 26 اور الیکس کیری 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ہرشت رانا تین اور محمد سراج نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

کھیل کے پہلے روز مجموعی طور پر 17 وکٹیں گری تھیں۔ بھارتی بیٹنگ لائن میں صرف نتیش کمار 41 اور رشبھ پنت 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوز ہیزلوڈ نے چار، مچل اسٹارک، پیٹ کمنس اور مچل مارش نے دو، دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر سیریز کے دوران پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ بھارتی کپتان روہت شرما کی نجی مصروفیات کے باعث جسپریت بمبرا بھارت کی قیادت کر رہے ہیں۔

پرتھ ٹیسٹ سے شروع ہونے والی اس سیریز کا دوسرا ٹیسٹ چھ دسمبر کو ایڈیلیڈ، تیسرا میچ 14 دسمبر سے برسبین، چوتھا میچ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا آخری میچ تین جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی فاسٹ بالر ہرشت پردیپ رانا اور آل راؤنڈر نتیش کمار نے آسٹریلوی سر زمین سے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا ہے جب کہ آسٹریلیا کے 25 سالہ نوجوان آل راؤنڈر نیتھن میکسوینی بھی اپنا ٹیسٹ سفر شروع کر رہے ہیں۔