|
نیویارک پولیس نے بتایا ہے کہ پیر کو نیویارک شہر میں ہونے والی ویسٹ انڈین امریکن ڈے پریڈ کے دوران ایک نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے چیف آف پیٹرول جان چیل نے بتایا کہ مسلح شخص نے پریڈ میں شامل لوگوں کے ایک مخصوص گروپ کو نشانہ بنایا، جس سے پانچ افراد کو گولیاں لگیں۔ ان میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
چیل کا مزید کہنا تھا کہ تشدد کا یہ واقعہ سہ پہر کو اس وقت پیش آیا جب پریڈ شروع ہوئے کئی گھنٹے گزر چکے تھے اور پریڈ کے شرکا بروکلین سے گزر رہے تھے۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پریڈ میں شامل چند خواتین اپنے روایتی ملبوسات میں۔ 2 ستمبر 2024
یہ پریڈ نیویارک میں آباد کریبین تاریکن وطن کی طرف سے منعقد کی جاتی ہے جس میں کریبین ثقافت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ پریڈ میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں اور گاتے اور رقص کرتے ہوئے تقریباً دو میل کے راستے پر سفر کرتے ہیں۔
ویسٹ انڈین امریکن ڈے پریڈ کا شمار کریبین ثقافت سے متعلق دنیا کی سب سے بڑی سالانہ تقریبات میں کیا جاتا ہے۔
جس وقت تشدد کا یہ واقعہ پیش آیا، امریکی سینیٹ کے اکثریتی رہنما چک شمر بھی پریڈ میں شریک تھے۔
پریڈ میں شامل ایک خاتون نے مخصوص کاسٹیوم پہن رکھا ہے۔ 2 ستمبر 2024
یہ سالانہ پریڈ، محنت ک کی تقریبات کا ایک حصہ ہے جس کا آغاز 57 سال پہلے ہوا تھا۔ اس پریڈ میں گریبین تارکین وطن اپنے مخصوص روایتی ملبوسات، رنگ برنگی جھنڈیوں اور سازوں کے ساتھ شرکت کرتے ہیں اور ایسٹرن پارک وے پر مارچ کرتے ہیں۔ اس دوران پریڈ کرنے والوں کے ساتھ بڑے بڑے فلوٹس بھی چلتے ہیں۔
ویسٹ انڈین امریکن ڈے پریڈ پر تشدد کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل 2016 میں پریڈ کے دوران تشدد سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ اسی طرح گزشتہ سال پریڈ سے متعلق تقریبات میں اس وقت کے گورنر اینڈریو کومومو کے معاون کیری گابے کو سر میں گولی مار دی گئی تھی جس کے نو دن کے بعد وہ چل بسے تھے۔
پریڈ کا ایک منظر۔ 2 ستمبر 2024
منتظمین کے مطابق ویسٹ انڈین امریکن ڈے پریڈ روایتی طور پر ایک صدی قبل کی پری لینٹ کارنیوال کی تقریبات میں سے ہیں، جسے کریبین سے آنے والے تارکین وطن نے مین ہیٹن میں شروع کیا تھا۔
نیویارک کے علاقے بروکلین میں لاکھوں کریبین تارکین وطن اور ان کی نسلیں آباد ہیں۔ انہوں نے 1960 کے عشرے میں ویسٹ انڈین امریکن ڈے پریڈ کا انعقاد شروع کیا تھا۔