پاکستانی کرکٹرز کے این او سی منسوخ، ٹی 10 لیگ میں شرکت غیر یقینی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک درجن سے زائد اسٹار کرکٹرز کے ابوظہبی ٹی 10 لیگ کھیلنے کے لیے جاری کردہ وثیقۂ عدم اعتراض (این او سی) منسوخ کردیے ہیں۔

ابوظہبی میں آئندہ ماہ ہونے والی ٹی 10 لیگ کھیلی جائے گی جس کے لیے کھلاڑیوں کے این او سی کی منسوخی کے سبب یہ کھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

جن کھلاڑیوں کے این او سی منسوخ کیے گئے ہیں ان میں شعیب ملک، محمد عامر، محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد حسنین، عماد وسیم، فہیم اشرف، حارث رؤف، سہیل اختر، سہیل تنویر، محمد عرفان، انور علی اور مرزا احسن شامل ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ بھی سائن کیے ہوئے ہیں اور قانون کے مطابق وہ بورڈ کی اجازت کے بغیر کسی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکتے۔

مقامی میڈیا رپورٹس میں پی سی بی کے حوالے سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پاکستان کے اہم ترین کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں کھلاڑیوں کی شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو جاری کیے گئے مشروط این او سی منسوخ کیے ہیں۔

این او سی کی منسوخی کے سبب 14 نومبر سے 24 نومبر تک ابوظہبی میں ہونے والی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت غیر یقینی ہے۔

منسوخی کی ایک وجہ تاریخوں کا ٹکراؤ بھی ہے کیوں کہ 13 نومبر سے 25 نومبر تک نیشنل اکیڈمی لاہور میں کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ لینے کے لیے کیمپ لگایا جائے گا جبکہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ بھی اس دوران کھیلی جائے گی۔

کرکٹ حلقوں میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ این او سی کی منسوخی کے سبب بڑے کھلاڑیوں کو ایک، ایک کروڑ روپے کا نقصان ہوسکتا ہے۔