پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو 16 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی۔ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی نے بھارت کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تنازعات کے حل کی کمیٹی میں کیس ہارنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو 16 لاکھ ڈالر کا ہرجانہ ادا کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو شکایت کی تھی کہ بھارتی بورڈ نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ سیریز کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان بورڈ کو مالی نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔ پاکستانی بورڈ نے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر بھارتی بورڈ سے 7 کروڑ ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا۔

بھارت کا مؤقف تھا کہ دوطرفہ سیریز کے بارے میں سمجھوتہ محض تجویز پر مبنی تھا اور اس سلسلے میں دستخط ہونے والی مفاہمت کی یادداشت یعنی ایم او یو کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی۔

تاہم آئی سی سی کے پینل نے پاکستان کی درخواست خار ج کرتے ہوئے پاکستانی بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ اس کیس کے قانونی کارروائی کے اخراجات کے سلسلے میں بھارتی بورڈ کو تاوان ادا کرے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی بورڈ نے اس کیس پر 22 لاکھ ڈالر کی رقم خرچ کی۔ تاہم پاکستان یہ کیس ہار گیا۔

احسان مانی کے مطابق آئی سی سی نے اس سلسلے میں اس بات کا اعتراف ضرور کیا کہ پاکستان کا کیس بنتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے لئے بھارت کو تاوان ادا کرنے کی رقم محض 16 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ قانونی اخراجات کے زمرے میں بھارت کو ادا کی جانے والی رقم کے علاوہ باقی اخراجات قانونی فیس اور سفری اخراجات پر مشتمل ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت کے کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والا معاہدہ قانونی طور پر لاگو مفاہمت کی یادداشت تھی جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان 2015 اور 2023 کے درمیان چھ دو طرفہ سیریز کھیلی جانی تھیں۔

پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس سے پاکستانی کرکٹ بورڈ کو کروڑوں ڈالر کا مالی نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔ تاہم آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کے اس مؤقف کو تسلیم کر لیا کہ یہ معاہدہ محض ایک تجویز تھی اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی۔